• news

کراچی میں جماعت اسلامی کا کشمیر بچائو مارچ، ٹرپ کی ثالثی قبول نہیں، شملہ معاہدہ منسوخ کیا جائے: سراج الحق

کراچی (نوائے وقت رپورٹ)جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کے ساتھ شملہ معاہدہ منسوخ کردے۔ کراچی میں ’آزادی کشمیر مارچ‘ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیرکی قانون ساز اسمبلی میں عبوری طور پر مقبوضہ کشمیر کی قیادت کو نمائندگی دی جائے۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ اب وقت آپہنچا کہ کشمیر کا قانون ساز ادارہ مقبوضہ کشمیری کے لیے لائحہ عمل اور حکمت عملی تیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے آرٹیکل 370 منسوخ کرکے عالمی قانون کی خلاف ورزی کی اور اپنی فوجیں سری نگر میں اتار دیں تو پاکستان کی فوجوں کو بھی سری نگر میں بھیجنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان نے یہ لڑائی سری نگر میں نہیں لڑی تو آپ دیکھیں گے کہ یہ لڑائی اسلام آباد اور مظفر آباد میں لڑنا پڑے گی۔ جماعت اسلامی کے امیر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرحد اور ایل او سی پر 450 کلومیٹر پر نصب آہنی باڑ کو ختم کرنے کے لیے عملی اقدام اٹھائے۔ انہوں نے بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کو مخاطب کرکے کہا کہ تمہیں انتہا پسند ہندو تنظیم آر ایس ایس پر فخر ہے لیکن یاد رکھنا ہم بھی غزنوی کی اولاد اور احمد شاہ ابدالی کے بھائی ہیں، سومنات ایک مرتبہ پھر پاش پاش کرسکتے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آج کی توانا آواز نے سری نگر کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو حوصلہ دیا۔ سراج الحق نے کہا کہ بھارت کے کئی ٹکڑے ہوں گے، کئی صوبوں میں ریاست مخالف اور ازادی پسند گروہ موجود ہیں جو متحرک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی اقدام کے بعد بھارت میں ہی کئی مقامات پر پاکستان کے جھنڈے لہرائے گئے اور انتظامیہ نے ان کے خلاف غداری کے مقدمات دائر کردیئے۔ 5 اگست کو بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کو یونین کا حصہ بنایا۔ ریلی شرکاء کے توانا جذبے نے کشمیریوں کو حوصلہ دیا۔ دنیا بھر کے مسلمان کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مودی کی پالیسیوں کے نتیجے میں بھارت ٹکڑے ٹکڑے ہوگا۔ بھارت میں کئی اور پاکستان بنیں گے۔ موجودہ حکومت کی کارکردگی کشمیر کے مسئلہ پر نظر نہیں آتی۔ کبھی کسی کو فون کرتے ہیں، کبھی کسی کو۔ خارجہ پالیسی ٹیلی فون سے نہیں چلتی۔ ٹرمپ ایک ہفتے میں 70 مرتبہ یو ٹرن لیتا ہے اور جھوٹ بولتا ہے۔ اب فیس بک اور ٹوئٹر کا جہاد نہیں چلے گا۔ عملی طور پر آگے بڑھنا ہوگا۔سابق چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے جماعت اسلامی کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی قوم اس بات پر سیسہ پلائی دیوار ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو جاری ہے۔ دس ہزار سے زائد نوجوان حراست میں لئے جاچکے ہیں، کشمیر کی جیلیں اب کشمیریوں کیلئے کم پڑتی جارہی ہیں۔ دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر خاموش بیٹھی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن