• news

پھر شدید بارش، مناواں میں دیوار گرنے سے 4 کرکٹر جاںبحق، 2 زخمی

لاہور (سپورٹس رپورٹر، نامہ نگار، نوائے وقت رپورٹ) لاہور میں شدید بارش سے نشیبی علاقوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔ کرکٹ میچ کے دوران بارش کے باعث خالی حویلی میں پناہ لینے والے 4 نوجوان بوسیدہ دیوار گرنے سے جاں بحق، 2 زخمی ہوگئے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز ایک بار پھر جم کر بارش ہوئی جس سے متعدد نشیبی علاقے اور سڑکیں زیرآب آگئیں۔ سب سے زیادہ بارش تاج پورہ میں 78 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ گلشن راوی، سمن آباد، مغل پورہ میں 52 ملی میٹر، لکشمی چوک 41 ملی میٹر بارش ہوئی۔ بارش کے باعث کشمیر روڈ، بیڈن روڈ، ڈیوس روڈ، اسلام پورہ، براندرتھ روڈ، شادمان اور کوپر روڈ سمیت لاہور کے کئی علاقے ندی نالے کا منظر پیش کرنے لگے۔ شدید بارش سے لیسکو کا ترسیلی نظام بھی شدید متاثر ہوا اور 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جبکہ فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر فنی خرابیوں کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔ دریں اثناء مناواں کے علاقے مرل ماڑی میں بارش کے باعث حویلی کی دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر چار نوجوان جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے ہیں۔ ان نوجوانوں نے کرکٹ میچ کے دوران بارش ہونے پر ایک خالی حویلی میں پناہ لی تھی کہ بوسیدہ دیوار ان پر آ گری۔ جاں بحق ہونے والوں میں باٹا پور گنجے سادھو کے رہائشی تین نوجوان 25سالہ ساجد، 27سالہ علی بوٹا اور 28سالہ سجاول حمید جبکہ دوسری ٹیم کا کھلاڑی جنڈیالہ کا رہائشی 26سالہ ریحان شامل ہیں۔ اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حادثے میں 4 نوجوانوں کی ہلاکت پر علاقے میں کہرام مچ گیا۔ علاوہ ازیں کراچی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز تیز بارش ہوئی۔ سمندر میں موجود ہوا کے کم دبائو کا رخ تبدیل ہونے سے اچانک بارش ہوئی۔ دریں اثناء گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور، کراچی کے علاوہ میر پور خاص، حیدرآباد، ساہیوال، گوجرانوالہ، بہاولپور، ژوب، قلات ڈویژن میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ، سکھر، شہید بینظیرآباد ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہوائوں، آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور، ملتان، بہاولپور، شہید بینظیرآباد، سکھر، کراچی، لاڑکانہ، میرپورخاص، حیدرآباد، کوہاٹ، بنوں اور ژوب ڈویژن میں چند مقامات پر تیزہواوں/آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے تاہم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

ای پیپر-دی نیشن