• news

بدترین نالائقی، حکومت اہداف حاصل کرنے میں پھر ناکام ہوگئی: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حکومت کے معاشی اہداف کے حصول میں ناکامی پر اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدترین نالائقی ہے کہ حکومت اپنے ہی متعین کردہ اہداف بھی حاصل کرنے میں پھر ناکام ہوگئی ہے۔ معاشی اہداف میں ناکامی پر اپنے ردعمل میں اتوار کو سابق وزیراطلاعات نے کہاکہ نئے مالی سال کے دو ماہ میں 64 ارب کا ریکارڈ رینونیو شارٹ فال حکومتی نالائقی اور نااہلی کی بدترین مثال ہے۔ عمران صاحب اب آپ جھوٹے ٹویٹس کر کے عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ تاریخی ملکی و غیر ملکی قرض، روپے کی قدر میں ریکارڈ کمی اور بدترین مہنگائی کے باوجود معاشی اہداف پورے نہیں ہو سکے۔ اسے نالائقی اور نااہلی نہ کہا جائے تو کیا کہا جائے؟ انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوسناک امر تو یہ ہے کہ عمران صاحب حکومت چور ہے، اس لئے قوم ٹیکس نہیں دے رہی۔ عمران صاحب غریبوں پر ٹیکس کا ظلم اور امیروں کو 300 ارب کے قرضے اور ٹیکس چوری راتوں و رات معاف؟ عمران صاحب نے غریبوں کی روٹی مہنگی اور امیروں کے 300 ارب کے قرض معاف کردئیے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب نے علیمہ باجی، جہانگیر ترین کے بعد تیسرا این آر او 300 ارب کے قرض معاف کرکے دیا ہے۔ حکومت امیروں کے قرض اور بنک ڈیفالٹ معاف کرکے غریبوں کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اہداف سے لے کر قوم سے وعدوں تک عمران صاحب ہر ہدف پورا کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن