• news

حکومت اپوزیشن مسئلہ کشمیر پر ایک ، بھارت جیسا چاہے گا ویسا ماحول بنائیں گے: شیخ رشید

ننکانہ صاحب (نامہ نگار، نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ بابا گورو نانک کی تعلیمات امن کا درس دیتی ہیں اور ہم بھی امن پر عمل پیرا ہیں جبکہ بھارت کی پالیسی پر تشدد اور جارحانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کی قیادت میں کشمیر کے ایشو کو پوری دنیا میں اجاگر کریں گے۔ یہ بات انہوں نے ریلوے سٹیشن ننکانہ صاحب کی نئی زیر تعمیر عمارت کا جائزہ لیتے وقت صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے مودی کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی تو یہ آخری جنگ ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور تمام اپوزیشن مسئلہ کشمیر پراکٹھی ہے۔ پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو ہم اس کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ جو لوگ سمجھتے ہیں جنگ شروع نہیں ہوئی وہ غلط سمجھتے ہیں۔ کیونکہ جنگ شروع ہو چکی ہے۔ مودی سرکار کے پانچ اگست کے اقدام کے بعد کنٹرول لائن عملی طور پر ختم ہو چکی ہے اور ہندوستان کے ساتھ کیے گئے مختلف معاہدے بھی افادیت کھوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان جس قسم کا بھی جنگ کا ماحول بنائے گا ہم بھی ویسا ہی ماحول بنائیں گے۔ ہندوستان یاد رکھے کہ ہمارے پاس پائو اور آدھ آدھ پائو کے کے ایٹم بم بھی ہیں جو خاص علاقے کو ٹارگٹ کر سکتے ہیں۔ ہندوستان کی یہ بھول ہے کہ وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھ سکے گا۔ ہم ایک ہندوستان کے 22 ہندوستان بنا دیں گے۔ انہوں نے کہا آج سے ننکانہ ریلوے سٹیشن کا نام بابا گورونانک ریلوے سٹیشن رکھ دیا گیا ہے۔ اس ریلوے سٹیشن کا شمار پاکستان کے بہترین ریلوے سٹیشنوں میں ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق اس ریلوے اسٹیشن کو مذہبی سیاحت کے لیے استعمال کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے کہ لاہور شور کوٹ سیکشن پر مسافر ٹرین کے فرش پر بیٹھ کر بھیڑ بکریوں کی طرح سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ قبل ازیں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے زیر تعمیر ننکانہ ریلوے اسٹیشن کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ اس موقعہ پر ڈی ایس ریلوے لاہور ڈویژن چوہدری عامر نثار نے انہیں کام کے حوالے سے بریفنگ دی۔ شیخ رشید احمد نے ریلوے اسٹیشن کا تعمیراتی کام بابا گورونانک کے550ویں جنم دن سے قبل30اکتوبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

ای پیپر-دی نیشن