مقبوضہ کشمیر میں جارحیت سے بھارت ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے گا: سردار مسعود خان
حویلی(آئی این پی)صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت ہندوستان کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے کا سبب بنے گی۔ بھارت کشمیر کو ہضم نہیں کر سکتا پاکستانی قوم اور فوج کشمیریوں کی پشت پر ہیں۔،بھارتی جارحیت کے بعد پیغام پاکستان بیانیہ مزید شدت سے عام کرنے کی ضرورت ہے۔ اولیا اکرام کی تعلیمات اس دھرتی پر امن و محبت کا سر چشمہ ہیں۔مشائخ بساہاں شریف کی خدمات قابل تقلید و لائق تحسین ہیں وہ اتوار کے روز درگاہ بساہاں شریف میں سالانہ عرس تقریبات کے اختتام پر‘‘پیغام پاکستان کشمیر کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے جسکی صدارت سجادہ نشین درگاہ بساہاں شریف و ممبر اسمبلی پیر علی رضا بخاری نے کی کانفرنس سے قاری سید صداقت علی (تمغہ ھلال امتیاز)، صدارتی مشیر سردار زاھد عزیز مغل،پیر سید شبیر احمد، صاحبزادہ تنویر مناں، علامہ خادم حسین شاہ،پیر سعید احمد بخاری، علامہ حسن رضا سیفی قاری و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔صدر مسعودخان نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کرفیوانسانی المیہ کی شکل اختیار کرچکے ہیں، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر نوٹس لے، انہوں نے کہا کہ آزاد حکومت اور عوام اقوام متحدہ سے اپیل کرتی ہے کہ انسانی حقوق کمیشن مقبوضہ کشمیر میں بھیجا جائے،عالمی میڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں جانے کی اجازت دی جائے تاکہ بھارتی اصل چہرہ دنیا کے سامنے آئے، سلامتی کونسل کااجلاس پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی ہے جو بھارت کہتا رہاکہ کشمیر ان کا اندرونی مسئلہ ہے۔بھارت سے سفارتی تعلقات محدود، تجارتی تعلقات منقطع اور پندرہ اگست کو یوم سیاہ کشمیریوں کی حمایت کیلئے کئے گئے، کشمیر پر حمایت پر پاکستان چین سمیت دوست ممالک کی حمایت کا شکرگزار ہے۔ پیر علی رضا بخاری نے اپنے خطاب میں کہاکہ بھارت نے مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ بھارت کی طرف سے مقبوضہ ریاست جموں وکشمیرمیں گذشتہ 30دنوں سے کرفیولگاکر جس طرح انسانی حقوق کی خلاف ورزیا ں کی جارہی ہیں اس پراقوام عالم کواپنا کرداراداکرناچاہیے۔ انھوں نے کہاکہ مودی حکومت کشمیریوں کی دشمن ہے جس نے مقبوضہ کشمیرکو جیل میں بدل رکھاہے۔ ضرورت اس امرکی ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں ہونے والی سنگین انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف دنیابھرکے ایوانوں میں آواز بلند کی جائے۔