• news

ننکانہ: سکھ یاتریوں کی جنم استھان یاترا‘ گورو گرنتھ کا جلوس

ننکانہ صاحب (نامہ نگار‘ نمائندہ خصوصی) انٹر نیشنل سکھ کنونشن میں شرکت کے لیے کینیڈا، برطانیہ اور بھارت سمیت مختلف ممالک سے آئے ہو ئے سکھ رہنمائوں کے 50 رکنی وفد نے گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب کی یاترا کی اور گورودوارہ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت سردار گوربچن سنگھ نے کی۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد، ڈی پی او فیصل شہزاد نے سکھ رہنمائوں کو اعزازی سروپے پیش کئے۔ اس موقع پر سردار گوربچن سنگھ اور دیگر سکھ رہنمائوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابا گورو نانک کے امن کے پیغام کو دنیا بھر میں پھیلانے کے لیے بابا گورونانک کے550ویں جنم دن کے سلسلہ میں سکھ یاتری بذریعہ روڈ کینیڈا سے 22 ممالک سے ہوتے ہوئے 17ہزار کلو میٹر کا سفر طے کر کے ایران کے راستے گورودوارہ جنم استھان آئیں گے اور گورودواہ کرتار پور کی یاترا کرنے کے بعد بھارت کے علاقہ سلطان پور لودھی جائیں گے۔ سکھ رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمیں جتنا پیار و محبت ملا ہے اتنا ہمیں بھارت میں نہیں ملتا۔ انہوں نے کرتار پور راہداری کھولنے پر وزیراعظم عمران خان اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ سکھ رہنمائوں نے اپنے روحانی پیشوا گوردوارہ جنم استھان کی بہترین تزئین و آرائش اور حفاظت کرنے پر بھی حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔ سکھ رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان آکر ملنے والی خوشی ناقابل بیان ہے، شاندار مہمان نوازی پر پاکستانی حکومت اور عوام کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے ضروری ہے کہ تمام مذاہب کے مابین ہم آہنگی پیدا کی جائے۔ پنجاب حکومت کی طرف سے منعقد ہو نے والا انٹر نیشنل سکھ کنونشن بہت اچھی کوشش ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کرتار پور راہداری منصوبہ سکھ قوم پر عمران خان کا بہت بڑا احسان ہے۔ پوری دنیا کے سکھوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان اقلیتوں کے لئے محفوظ ترین ملک ہے اس لئے زیادہ سے زیادہ سکھ نومبر میں ہونے والی بابا گورونانک کے 550 ویں جنم تقریبات میں شریک ہوں۔ دریں اثناء سکھ مذہب کی مقدس کتاب گورو گرنتھ کے پہلے پرکاش کی خوشی میں سکھ کیمونٹی نے گوردوارہ بال لیلا سے گوردوارہ جنم استھان تک نگر کیرتن (جلوس) نکالا، جلوس میں سینکڑوں سکھ مرد و خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ جلوس میں پھولوں سے لدی ہوئی چاندی کی ایک پالکی میں سکھوں کی مقدس مذہبی کتاب گرو گرنتھ صاحب رکھی گئی۔ ریلی کے دوران شرکاء نے ’’جو بولے سونہال‘‘ ’’ست سری اکال‘‘ ’’اور واہ گورو جی کا خالصہ‘‘ ’’واہے گورو جی کی فتح‘‘ کے نعرے لگائے۔ جلوس کے راستے میں خواتین نے شرکاء جلوس پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ اس موقع پر سکھ بچوں نے مختلف کھیلوں کے مظاہرے بھی کئے۔ ضلعی انتظامیہ نے جلوس کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے تھے۔سکھ رہنما سردار گورچرن سنگھ کی قیادت میں 28 سکھ یاتریوں نے گوردوارہ سچا سودا کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر آرپی او سہیل حبیب تاجک، ڈی پی اوغازی محمد صلاح الدین، رہنماء پاکستان تحریک انصاف رانا وحید احمد خاں، اسسٹنٹ کمشنر شیخوپورہ شبیر حسین بٹ اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی فاروق آباد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور گلدستے پیش کئے۔ اس موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔ سکھ یاتریوں نے بہترین سیکورٹی فراہم کرنے پر پولیس حکام کا شکریہ ادا کیا۔ رانا وحید احمد خاں نے کہا کہ ہمارے آج کے مہمان دس ہزار کلومیٹر کا سفر کرکے گوردوارہ سچا سودا پہنچے ہیں اور کشمیر ایشو پر پاکستان اور کشمیر کی مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یاتریوں نے کہا کہ وہ دنیا بھر کے سفر پر نکلے ہیں اور پوری دنیا کو کشمیر میں ہونے والے مظالم کے بارے میں آگا ہ کریں گے اور بتائیں گے کہ مودی کشمیر میں خون کی ہولی کھیل کر کشمیر کی سر زمین ہڑپ کرنا چاہتا ہے۔ پوری دنیا کی سکھ کشمیر اور پاکستان کے ساتھ ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن