چیئرمین ٹاسک فورس اکرم چودھری کا دورہ شادمان اتوار بازار، اشیاء خوردونوش کی چیکنگ
لاہور (نیوز رپورٹر) چیئرمین ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول محمد اکرم چوہدری نے شادمان اتوار بازار کا دورہ کیا اور پھلوں، سبزیوں، دالوں، گوشت اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار کو چیک کیا۔ انہوں نے اتوار بازار میں خریداروں کے لیے کیے جانے والے انتظامات اور دیگر انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا۔ چیئرمین ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول نے کہا کہ مڈل مین کے کردار کو کم کر کے ہی کسان اور صارف کو فائدہ پہنچایا جا سکتا ہے۔ کاشتکاروں اور صارفین کے حقوق کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں جبکہ کاشتکاروں، ہول سیلرز اور ریٹیلرز کے تعاون سے ہی قیمتوں میں استحکام ممکن ہے۔ گزشتہ حکومتوں کی کمزور زرعی پالیسی کے باعث پاکستان کو ٹماٹر، آلو، پیاز اور دیگر اجناس درآمد کرنا پڑتے ہیں۔ انہوں نے قیمتوں کے کنٹرول کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اگر صحیح کام کرے گی تو اس کو سراہا جائے گا، اگر شکایات سامنے آئیں تو اس کو تبدیل کیا جائے گا۔ محمد اکرم چوہدری نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اورعوام سے قیمتوں کے بارے میں رائے طلب کی اور شکایات کا موقع پر ازالہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اشیاء خوردونوش مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ جبکہ مصنوعی مہنگائی کرنے والے عناصر کے خلاف سزائیں سخت کرنے کی ضرورت ہے۔ اشیاء ضروریہ کی مہنگے داموں فروخت کو روکنے کے لئے قیمتوں کی حتمی لسٹیں فراہم کی گئی ہیں۔ حکومت عوام کو بنیادی اشیاء کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کے لئے تمام وسائل برائے کار لا رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے آٹے پر سبسڈی دی جا رہی ہے جبکہ دیگر اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔ حکومت ہر چیز پر سبسڈی مہیا نہیں کر سکتی۔ تاجروں کا بھی اخلاقی فرض ہے کہ اشیاء کی قیمتوں میں بلا جواز اضافہ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک خریدار دکاندار سے حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قیمت پر اشیاء کی خریداری کو تقاضہ نہیں کرتا۔ مہنگائی پر قابو نہیں پایا جا سکتا۔ محمد اکرم چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر پنجاب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدرا ر عوامی فیصلے لے رہے ہیں۔ وہ وقت دور نہیں جب عوام کی منتخب کردہ یہ حکومت ہی عوامی کی امنگوں کی اصل ترجمان ہوگی۔