بھارت میں مودی کیخلاف لاوا پھٹنے والا ہے‘ فواد چودھری
اسلام آباد (آن لائن + نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ آج محرم شروع ہوا ہے کربلا کی کہانی شروع ہوئی ہے، کوفی نہ بنو ظلم کے سامنے حسین کی للکار بن کر کھڑے ہو، جنگ کی خواہش نہیں لیکن جنگ ہوئی تو بھارت کو ناکوں چنے چبوا دیں گے،کئی بار کمزور معیشتوں نے اکنامک سپر پاورز کوشکست دی ہے۔ وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ایک بچے کی ویڈیو کو ایک طبقہ پروموٹ کر رہا ہے کہ معیشت کمزور ہے اس لئے کشمیر بھول جائو، انہوں نے کہا کہ جنگیں نہ تو مرضی سے ہوتی ہیں نہ ہی ختم مرضی سے ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا ظلم اور امن اکٹھے نہیں چل سکتے۔ یا یزید سے مراسم ہوں گے یا حسینؓ کو سلام ہوگا۔ علاوہ ازیں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال مودی کے گلے پڑ گئی ہے۔ بھارت میں بھی مودی پر دباؤ ہے۔ مودی کے خلاف بھارت میں مخالفت کا لاوا پھٹنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک سیکولر ملک نہیں بلکہ فاشسٹ ملک بن چکا ہے۔ ماہر معیشت من موہن سنگھ نے بتایا ہے کہ بھارت میں گروتھ 5 فیصد گر گئی ہے۔ ہم نے کشمیر کے مسئلے کو انٹر نیشنل انسانی حقوق کے مسئلے کی طرح ہی پیش کرنا ہے۔ وزیراعظم نڈر آدمی ہیں۔ پاکستانیوں کے مفاد کا سوچتے ہیں۔ افضل گرو کے بعد سے کشمیر میں رخ تبدیل ہوا ہے۔ کشمیر میں مودی کا کوئی نام لیوا نہیں۔ مودی کو مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھانے کی جرات نہیں ہو رہی۔ کرفیو اٹھاتے ہی مقبوضہ کشمیر میں لاوا پھٹے گا، مودی کا تجزیہ غلط ثابت ہوا ہے۔