علامہ منیر احمد یوسفی عمر بھر تبلیغ دین میں مصروف رہے: خادم حسین رضوی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) ممتاز عالم دین علامہ پیر منیر احمد یوسفی کے ختم چہلم کی تقریب گزشتہ روز جامع مسجد ابوبکر صدیق، چائنہ سکیم میں منعقد ہوئی۔ جس میں علامہ خادم حسین رضوی، پیر منور حسین جماعتی، قاری زوار بہادر، پیر بشیر احمد یوسفی آف سمندری، پیر خلیل احمد یوسفی آف سمندری، میاں ولید احمد شرقپوری، علامہ رضائے مصطفی نقشبندی‘ پیر ضیاء الحق نقشبندی، جسٹس نذیر احمد غازی، پیر نبیل الرحمن کرماں والا شریف، پیر فاروق الاسلام چورہ شریف، صاحبزادہ مفتی خلیل احمد یوسفی، صاحبزادہ ابوبکر یوسفی سمیت علما کرام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ علماء کرام نے دین اسلام کے لیے علامہ منیر احمد یوسفی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر قاری زوار بہادر نے کہا کے علامہ منیر احمد یوسفی یادگار اسلاف تھے، ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ علامہ رضائے مصطفی نقشبندی کا کہنا تھا ہم نے علامہ منیر احمد یوسفی کو ہمیشہ تبلیغ و اشاعت دین میں مصروف پایا۔ علامہ خادم حسین رضوی کا کہنا تھا کہ علامہ منیر احمد یوسفی، تحفظ ناموس رسالت محاذ اور تحریک نفاذ نظام مصطفی جیسی تحاریک کے روح رواں تھے۔ میاں ولید احمد شرقپوری نے کہا کہ علامہ منیر یوسفی نے دین اسلام کی ترویج اور نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات کو عام کرنے میں اپنی زندگی بسر کی وہ ہمیشہ مخلوق خدا کی خدمت میں بھی سرگرم عمل نظر آئے۔ آپ کے سماجی کاموں کو بھی ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ تقریب کے اختتام میں پیر خلیل یوسفی آف سمندری نے صاحبزادہ پیر بشیر یوسفی کو دستار فضیلت باندھی، جبکہ علامہ خادم حسین رضوی نے مفتی خلیل احمد یوسفی کو انجمن اشاعت دین اسلام کے ناظم تعلیمات مقرر ہونے پر شیلڈ پیش کی۔