کوٹلہ ارب علی: 2گروپوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ‘ 2 بھائی جاں بحق
گجرات+ کوٹلہ ارب علی خان (نامہ نگاران)کوٹلہ ارب علی خان میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ میں دو افراد ہلاک جبکہ خاتون سمیت 4 شدید زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق دکانوں کا کرایہ لینے کے معاملہ پر جھگڑے کے دوران دو سگے بھائی محمد شہزاد اور محمد اعجاز ولد محمد بوٹا (بوبی ٹیلرز والے) فائرنگ کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئے۔ جبکہ ایک خاتون تعظیم بی بی سمیت چار افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے عزیز بھٹی شہید ہسپتال گجرات میں منتقل کر دیا گیا۔ فائرنگ کے بعد کوٹلہ میں خوف و ہراس پھیل گیا اور تمام مارکیٹیں بند ہو گئیں۔ پولیس کی بھاری نفری سے حالات پر قابو پا لیا گیا۔گجرات سے نامہ نگار کے مطابق کرایہ لینے پر ن لیگی ایم این اے چوہدری عابد رضا اور ق لیگی چوہدری نعیم رضا گروپس کے درمیان فائرنگ ہوئی۔ قبل ازیں کرایہ کی وصولی چوہدری عابد رضا گروپ کر رہا تھا۔