پنجاب : جیلوں میں نیب کے ملزموں کی تعداد 307تک پہنچ گئی
لاہور (میاں علی افضل سے) پنجاب کی جیلوں میں نیب کے ملزموں کی تعداد 307 تک پہنچ گئی ، ایک سابق صدر، 2 سابق وزیراعظم، سابق پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیراعظم، وفاقی و صوبائی وزراء سینئر بیوروکریٹ، پولیس افسر، ہائوسنگ سوسائٹیز کے مالکان و دیگر اہم شخصیات شامل ہیں۔ ان تمام قیدیوں میں سے صرف چند ایک کو دوسرے قیدیوں سے دور رکھنے کے لئے حفاظتی طور پر بی کلاس کی سہولیات حاصل ہیں جبکہ، ان تمام قیدیوں کی غیر متعلقہ افراد سے ملاقاتوں پر مکمل پابندی ہے۔ نیب کے کیسز میں جیلوں میں موجود قیدی کیمپ جیل، کوٹ لکھپت جیل، اڈیالہ جیل سمیت پنجاب کی دیگر 5 جیلوں میں موجود ہیں۔ ان قیدیوں پر گھر کے کھانے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے اور تمام حوالاتی و قیدی جیل کا کھانا کھانے پر مجبور ہیں۔ آصف علی زرداری ، میاں نواز شریف، شاہد خاقان عباسی، سعد رفیق، سلمان رفیق، آصف ہاشمی، سابق ڈی جی سپورٹس عثمان انور، فواد حسن فواد، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ، ریلولے آفیسر محمد سعید، سابق ڈی آئی جی رائے اعجاز، مختلف ہائوسنگ سوسائٹیوں کے مالکان و دیگر اہم شخصیات شامل ہیں۔ جیلوں میں موجود ان قیدیوں کو عام قیدیوں کی طرح رکھا گیا ہے۔