چین کی نئی ویزا پالیسی، پاکستانی تاجر کو پہلی مرتبہ 5 سال کا ورک پرمٹ جاری
بیجنگ (نیٹ نیوز) چین کے صوبے ژیجیانگ کے شہر یی وو کی انتظامیہ نے ایک پاکستانی تاجر اور دیگر 3 غیر ملکیوں کو پہلی مرتبہ 5 سال کے لیے ورکنگ ویزا جاری کر دیا۔ محمد عارف اور افغانستان، اردن اور عراق کے 3 شہریوں پر مشتمل پہلے بیچ کو یی وو کی میونسپل پبلک سکیورٹی بیورو کے ایگزٹ، انٹری ایڈمنسٹریشن آف بیورو کی جانب سے نئی ویزا پالیسی کے تحت فرسٹ کلاس ورک پرمٹ جاری کیا گیا۔ خیال رہے کہ اس پالیسی سے پہلے تاجروں کو صرف ایک سال کے لیے ویزا جاری کیا جاتا تھا۔ محمد عارف نے سرکاری خبررساں ادارے کو بتایا کہ وہ اور ان کے اہل خانہ یی وو میں مقیم ہیں اور وہ پاکستان سے مختلف اشیا کو درآمد کرتے ہیں۔