طالبان سے معاہدے پر پہنچ گئے، ٹرمپ کی رضامندی تک فائنل نہیں ہوگا: زلمے خلیل
کابل (بی بی سی، نوائے وقت رپورٹ) افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی مندوب زلمے خلیل زاد نے کابل میں افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی ہے۔خلیل زاد نے صدر غنی کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں افغان طالبان کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے تازہ ترین دور کے نتائج سے آگاہ کیا اور طالبان کے ساتھ ممکنہ امن معاہدے کے مسودے کی کاپی بھی شئیر کی۔ زلمے خلیل زاد اس ملاقات سے کچھ ہی دیر پہلے دوحہ سے کابل پہنچے تھے۔وہ چیف ایگزیکٹو سے بھی ملے اس موقع پر امریکی سفیر اور دیگر افغان لیڈر بھی موجود تھے۔ زلمے خلیل زاد نے افغان امن عمل پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اور طالبان اصولی طور پر معاہدے پر پہنچ چکے ہیں۔ امن معاہدہ امریکی صدر ٹرمپ کی رضامندی تک فائنل نہیں ہوگا۔ معاہدے کے تحت امریکہ افغانستان سے 5 ہزار امریکی اہلکاروں کا انخلاء کرے گا۔