محرم الحرام: لاہور سمیت 10 اضلاع انتہائی حساس قرارڈیڑھ لاکھ افسر و اہلکار سکیورٹی پر مامور
لاہور (نامہ نگار) محرم الحرام میں دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پنجاب میں دس اضلاع لاہور، راولپنڈی ، ملتان، جھنگ، سرگودھا،گجرات، فیصل آباد، وہاڑی ، بہاولپور اور لیہ کوانتہائی حساس قرار دیا گیا ہے جبکہ صوبہ بھر میں893حساس مقامات کی نشاندہی کر کے انہیںکیٹیگری اے، بی اور سی میں تقسیم کر کے سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔محرم الحرام کے دوران 36 ہزار 2 سو 16 مجالس اور 97 سو90 تعزیتی جلوس نکالے جائیں گے۔ پولیس افسران ،اہلکاروں اورقومی رضا کاروں کے علاوہ عبادت گاہوں، امام بارگاہوں اور مجالس کے منتظمین کی جانب سے مقرر کئے گئے رضا کاروں سمیت مجموعی طور پر ڈیڑھ لاکھ سے زائد افسران، اہلکار و رضا کار سکیورٹی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔حساس اضلاع اور مقامات پر فوج اور رینجر زکی تعیناتی کے علاوہ فوج اور رینجر ز کے دستوں کو بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سٹینڈ بائی رکھا گیا ہے۔