• news

شمالی چھائونی پولیس کی حراست میں نوجوان ہلاک، ورثاء کا احتجاج، سڑک بلاک

لاہور (نمائندہ خصوصی) پولیس تشدد کے باعث ہلاکتوں کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ صوبائی دارالحکومت میں ایک اور شہری پولیس تشدد سے ہلاک۔ تفصیلات کے مطابق برکی روڈ کے رہائشی عامر اقبال کو چند روز قبل تھانہ شمالی چھاونی سے فون کر کے چوری کے کیس میں تفتیش کے لیے بلایا گیا۔ اہلخانہ کا کہنا ہے تھانے سے فون آنے پر عامر خود تفتیش کے لیے پیش ہونے گیا لیکن واپس نہ آیا، سارا خاندان بارہا تھانے کے چکر لگاتا رہا لیکن کسی پولیس اہلکار نے کچھ نہ بتایا۔ گزشتہ روز تھانے سے فون آیا کہ عامر کی لاش ملی ہے۔ اہلخانہ نے الزام عائد کیا کہ لاہور پولیس عامر کو نجی ٹارچر سیل میں تشدد کا نشانہ بناتے رہے جس کے باعث اس کی ہلاکت ہوئی۔ پولیس تشدد سے جاں بحق ہونے والے عامر کے اہلخانہ نے گزشتہ روز سروسز ہسپتال کے باہر احتجاج کرتے ہو ئے سڑک کو بلاک کر دیا۔ دوسری جانب آئی جی پنجاب،کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز خان نے تھانہ شمالی چھاؤنی پولیس کے مبینہ تشد د سے نوجوان کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف محکمانہ و قانونی کاروائی کا حکم دے دیا۔ مزیدبرآں سی سی پی او نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سے رپورٹ طلب کرلی اور کہا ہے کہ زیرحراست ملزم پر تشدد ثابت ہوا تو سخت ایکشن ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن