• news

ہمارے جوان پسینہ مانگنے پر خون دیتے ہیں، ملکی مستقبل جمہوریت سے وابستہ: آرمی چیف

اسلام آباد( سٹاف رپورٹر) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سندھی نوجوانوں کے وفد سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ نوجوانوں نے ہی ملک کی سمت کا تعین کرنا ہے، پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے اور ملک کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سندھ بھر کے نوجوانوں کیساتھ آئی ایس پی آر میں ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے۔ نئی نسل کی قیادت نے پاکستان کی ترجیحات طے کرنا ہیں۔ نوجوان ہی تبدیلی کا حقیقی محرک ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سندھ کے عوام کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پاکستان کی جان ہے۔ پاکستان کے بنانے میں سندھ کا بہت اہم کردار ہے۔ سندھ کے جوان ہمارے بہترین، محنتی، وفادار جوان ہیں۔ اگر ہم اپنے آپ کو ایمانداری سے نہیں دیکھیں گے تو کوئی ہماری مدد نہیں کرے گا۔ آپ نئی نسل پاکستان کی امید ہیں۔ ہم نے پاکستان کو وہاں لے جانا ہے جو اس کا حق ہے۔ پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے تو میرٹ کی بنیاد پر لے جا سکتے ہیں۔ میرٹ کا کوئی نعم البدل نہیں۔ جس سمت میں نوجوان نسل جائے گی پاکستان اس سمت میں چلا جائے گا۔ کامیاب آدمی پانی کے رخ کے مخالف یعنی رکاوٹوں کو عبور کرکے آگے جاتا ہے۔ سندھ کے جوان جفاکش، محنتی اور وفادار ہیں۔ اگر ہم خود کو ایمانداری سے نہیں دیکھیں گے توکوئی مدد نہیں کرے گا۔ پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے۔ پاکستان دنیا میں اپنا مقام حاصل کرے گا۔ دنیا میں تبدیلی نوجوان لاتے ہیں۔ پاکستان کو بنانے میں سندھ کا بہت اہم رول ہے۔ ہم نے پاکستان کو وہاں لیکر جانا ہے جہاں اس کا حق بنتا ہے۔ امریکا میں پوچھا گیا پاک فوج نے کیسے دہشت گردی کو شکست دی۔ ہمارے پاک فوج کے جوان ایسے ہیں جن سے پسینہ مانگا تو انہوں نے خون دیا۔ ہم نے کراچی کو دہشت گردوں سے آزاد کرایا۔ فوج میں میرٹ کا سسٹم ہے، میرٹ سے ہی ملک ترقی کرتا ہے۔ نوجوانوں نے بطور لیڈر پاکستان کی سمت کا تعین کرنا ہے۔ فوج میں سپاہی کو یہ نہیں کہا جاتا کہ آگے بڑھو، ہمیشہ کہا جاتا ہے ’’فالو کرو‘‘۔ نئی نسل پاکستان کی امید ہے۔ پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے میرٹ کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلا رشتہ انسانیت کا ہوتا ہے، کسی بھی مذہب میں کسی کا حق مارنے کی گنجائش نہیں، اخلاقی قوت فوجی قوت سے بہت زیادہ طاقت ور ہوتی ہے۔ یہ تبدیلی کی شروعات ہے، نوجوان بہت مضبوط ہیں جو سمندروں کا رخ بدل سکتے ہیں۔ ہمیں اپنے آپ کو قومی سطح پر اس مقام پر لانا ہے جہاں ہماری آواز سنی جائے، پاکستان دنیا میں اپنا مقام حاصل کرے گا اور دنیا میں تبدیلی نوجوان لاتے ہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق انہوں نے پاکستانی ماؤں کو خراج تحسین پیش کیا کہ ہماری ماؤں کے بچے ملک پر جان نچھاور کرنے کے لئے تیار رہتے ہیں اور ہمارے جوان ایسے ہیں کہ میں ان سے پسینہ مانگتا ہوں تو وہ خون دیتے ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ ہماری فوج کا اصول ہے کہ ہمارا افسر ہمیشہ سب سے آگے ہوتا ہے۔آرمی چیف کے خطاب کے دوران نوجوانوں نے پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے نوجوانوں کے وفد نے جنرل قمرباجوہ کو سندھی ٹوپی اور اجرک پہنائی ۔

ای پیپر-دی نیشن