آر ایس ایس خطرناک ترین دہشت گرد تنظیم‘ کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے‘ رحمان ملک
ماسکو (آن لائن) پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ دنیا کو دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی قربانیوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے‘ بھارتی پشت پناہی سے آر ایس ایس دنیا کی خطرناک ترین دہشت گرد جماعت کے طور پر ابھری‘ عالمی قیادت دہشت گردی کے خطرات سے غافل ہے‘ کشمیریوں کا قتل عام ہو رہا ہے ‘ دنیا مظالم پر خاموش ہے‘ کشمیر ایک بڑے ٹارچر سیل میں تبدیل ہو چکا ہے‘ حاملہ خواتین، بچے و بیمار علاج کی سہولتوں سے محروم ہیں‘ اقوام متحدہ فوری طور پر وادی میں اپنے امن دستے بھیجے۔ تفصیلات کے مطابق دھشتگردی کے خاتمے کیلئے اقدامات پر بیلاروس میں اقوام متحدہ کے زیراہتمام کانفرنس منعقد ہوئی۔ سینیٹر رحمان ملک نے انٹر پارلیمنٹری یونین کے پارلیمنٹرینز سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشتگردی کو اجاگر کیا اور کہا کہ آر ایس ایس اسوقت دنیا کی سب سے بڑی خطرناک دہشتگرد تنظیم کے طور پر ابھر رہی ہے، آر ایس ایس کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی پشت پناہی حاصل ہے، آر ایس ایس بھارتی افواج کے ساتھ ملکر کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہے، کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بھارت نے اقوام متحدہ کے سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی، دنیا بھارتی ریاستی دھشتگردی اور مودی مظالم پر خاموش تماشائی بنی ہوا ہے، ایک ماہ مسلسل کرفیو کیوجہ سے مقبوضہ کشمیر میں ادویات و اشیائے خورد و نوش کی شدید قلت ہے اور مقبوضہ کشمیر دنیا کا سب بڑا جیل و ٹارچ سیل بن چکا ہے۔ حاملہ خواتین، بچے و بیمار علاج کی سہولت نہ ہونے کیوجہ سے مر رہے ہیں، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ کے مطابق 1989 سے 2018 تک 94,644 کشمیری قتل کئے گئے، بھارتی افواج نے 11,042 عورتوں کی گینگ ریپ اور ہزاروں جوانوں کو بینائی سے محروم کیا‘ اقوام متحدہ فوری طور پر مقبوضہ کشمیر میں اپنی امن مشن و امن افواج بھیجے۔ دہشتگردی کے مکمل حاتمے کے لئے سب ممالک کو بیٹھ کر کامن اسٹریٹجی بنانی ہوگی، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں سب سے زیادہ ہیں، دنیا کو پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھنا پڑیگا۔ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر دنیا میں امن کی کوششیں رائیگاں ہوں گی۔