• news

مسلم لیگ ن کی سابق ایم پی اے پروین سکندر گل کی ہاتھ پائوں بندھی نعش برآمد

لاہور (نامہ نگار) گلبرگ کے علاقے میں نامعلوم افراد سابق خاتون ایم پی اے اورپاکستان ہاکی فیڈریشن وویمن ونگ کی سابق سیکرٹری جنرل پروین سکندر گل کو گھر میں گھس کر ہاتھ پاؤں باندھ کر بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گلہ میں پھندہ دے کر موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہو گئے ہیں۔ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرا کر مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ق) کی سابق خاتون ایم پی اے اورپاکستان ہاکی فیڈریشن وویمن ونگ کی سابق سیکرٹری جنرل 64 سالہ پروین سکندرگل غیر شادی شدہ تھیں۔ وہ پانچ دنوں سے تھانہ نصیر آباد کی حدودگلبرگ میں اپنے بھائی کے گھر میں دوسری منزل پر رہائش پذیر تھیں۔ پروین گل کے آسٹریلیا میں مقیم بھائی نے اسے فون کیا تو کسی نے فون اٹینڈ نہ کیا۔ جس پر اس نے اپنے بھائی صابر گل کو آگاہ کیا۔ جس پر ان کی فیملی نے دوسرے فلور پرجاکر دیکھا تو دروازے اندر سے بند تھے۔ دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوکر دیکھا تو کمرے میں بیڈ پر پروین سکندرگل کی ٹیپ اور رسیوں سے بندھی نعش پڑی تھی۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور فرانزک ٹیمیں پوقع پر پہنچ گئیںاور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد نعش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کرکے مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کر دی ہے۔ سابق ایم پی اے پروین سکندر گل پرویز مشرف دور میں ق لیگ کی ٹکٹ پر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئی تھیں۔ وہ پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کی سابق وائس پریذیڈنٹ کے علاوہ مسلم لیگ (ق) شعبہ خواتین کی نائب صدر بھی تھیں۔ آئی جی پنجاب پولیس کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے سابق ایم پی اے پروین سکندر گل کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہو ر بی اے ناصرسے فوری رپورٹ طلب کی ہے اور کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی ہے، ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔ پروین سکندرگل کے قتل پر پولیس کی چوری و ڈکیتی پر مزاحمت کے علاوہ خاندانی رنجش اور جائیدادکے تنازع سمیت مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق فرانزک ٹیموں کو جائے واردات سے دو افراد کے فنگر پرنٹس ملے ہیں۔ جس سے قتل کی اس واردات میں دو یا تین افراد ملوث لگتے ہیں۔ ملزمان بہت ہی قریبی یا پھر بھیدی تھے۔ مقتولہ پروین سکندرگل کے بھائی اور بھانجی نے پولیس کو بتایا کہ ماضی میں پروین سکندرگل کے پیسوں اور دیگر قیمتی اشیاء کی چوری کی دو تین وارداتیں ہو چکی ہیں۔ پروین سکندر گل کے قتل پر پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹر ی کامل علی آغا، سینئر نائب صدر محمد سلیم بریار، سابق ایم این ا ے میاں محمد منیر، رکن صوبائی اسمبلی و جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ پنجاب خدیجہ عمر فاروقی، جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین پنجاب ماجدہ زیدی، لاہور کی صدر آمنہ الفت جنرل سیکرٹری عزیزہ سعید، کنول نسیم، تبسم ناز نے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور دعا کی کہ اللہ تبارک تعالیٰ مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں بلند ترین جگہ عطا فرمائے۔

ای پیپر-دی نیشن