گلشن راوی، نجی سکول میں ٹیچر کے مبینہ تشدد سے نویں جماعت کا طالب علم جاں بحق
لاہور (نمائندہ خصوصی) گلشن راوی کے علاقہ میں نجی سکول میں ٹیچر کے مبینہ تشدد سے 15سالہ طالب علم جان کی بازی ہار گیا، پولیس نے ٹیچر کوگرفتار کرتے ہوئے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ گلشن راوی کے علاقہ میں معروف سکول میں کامران نامی ٹیچر نے نویں جماعت کے طالب علم حافظ حنین بلال کو تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ بے ہوش ہوگیا، اہل خانہ کے مطابق ٹیچر نے بچے کی بے ہوشی کی ڈرامہ بازی قرار دیا اور اسے تاخیر سے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کر دی، ٹیچر کامران کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گلشن راوی کے نجی سکول میں ٹیچر کے تشدد سے طالب علم کے جاں بحق ہونے کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی اور اس افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ تین روز کے اندر تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس پیش کی جائے۔