قوم بہادر جوانوں کی قربانیاں کبھی نہیں بھولے گی: زرداری‘ بلاول
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی‘ این این آئی) سابق صدر آصف علی زرداری نے دھرتی ماں کے لئے جانیں قربان کرنے والے قوم کے بہادر بیٹوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنے بہادر جوانوں کو کبھی نہیں بھولے گی۔ سابق صدر نے کہا کہ دھرتی ماں کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے جوان قوم کی آنکھوں کا نور ہیں۔ سابق صدر نے کہا کہ شہیدوں کو نذرانہ عقیدت پیش کرنے کے لئے شدت پسندی کو شکست دینے کے عزم کی تجدید ضروری ہے۔ قوم وطن کے ان فرزندوں کو کبھی نہیں بھولے گی جنہوں نے معصوم انسانوں کا خون بہانے والوں کا صفایا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہے اور انہیں عزت و احترام کی نظر سے دیکھتی ہے۔ سابق صدر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ برقرار نہیں رہ سکتا۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھارتی جبر اور ظلم سے آزادی ضرور ملے گی۔ دریں اثناء پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مسلح افواج کے شہیدوں کو خراج عقیدت اور ان کے خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن ہمارے تمام شہیدوں بشمول سپاہیوں و سویلین کی قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہاکہ جغرافیہ کا تحفظ اور نظریئے کی حفاظت کا آپس میں چولی دامن کا تعلق ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع کو یقینی بنانے کے لیئے تمام قومی ادارے دستور کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کو ملک کے جوہری پروگرام کی مضبوط بنیاد رکھنے پر سلام پیش کرتا ہوں، جو آج طاقتور حریفوں کے خلاف دفاع کی عظیم الشان مثال ہے۔ جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ملک کو بیلسٹک میزائیل پروگرام کا تحفہ دیا جو آج اہم ترین ڈلیوری سسٹم ہے۔