کرکٹر عبدالقادر انتقال کرگئے‘ صدر‘ وزیراعظم‘ آرمی چیف کا اظہار افسوس
لاہور‘ راولپنڈی (سپورٹس رپورٹر + نمائندہ سپورٹس) مایہ ناز ٹیسٹ کرکٹر عبدالقار دل کا دورہ پڑنے سے لاہور میں انتقال کر گئے۔ لیجنڈ کرکٹر کے انتقال پر صدر‘ وزیراعظم‘ آرمی چیف‘ ڈاکٹر عبدالقدیر خان‘ چیئرمین پی سی بی‘ صوبائی وزیر اطلاعات میاں اسلم اقبال‘ سرفراز نواز سمیت کرکٹرز اور دیگر شخصیات نے انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مایہ ناز ٹیسٹ کرکٹر اور گگلی کے مؤجد عبدالقادر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔ ان کے بیٹے سلمان قادر نے ان کی موت کی تصدیق کردی ہے۔ سلمان قادر نے بتایا کہ والد کو دل کا دورہ پڑا اور انہیں فوری ہسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور دل کا دورہ جان لیوا ثابت ہوا۔ وہ قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر بھی رہ چکے۔ ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل کے سسر بھی تھے۔ انہوں نے67 ٹیسٹ اور 104ون ڈے میچز کھیلے۔ ٹیسٹ میچز میں 1029اور ون ڈے میں 641رنزبنائے‘ ون ڈے میچز میں 132 اور ٹیسٹ میں236وکٹس لے رکھی ہیں۔ عبدالقادر نے سوگواران میں 6 بچے اور بیوہ چھوڑی ہے۔ عبدالقادر کے چار بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں۔ بیٹے سلمان قادر کا کہنا ہے کہ والد کچھ عرصے سے کہہ رہے تھے کہ میرا ٹائم قریب آگیا ہے۔ انہوں نے ہمیشہ سچ کی بات کی۔ ایک سچ کی آواز تھی جو ہمیشہ کے لئے بند ہوگئی۔ چھوٹے بھائی عمران قادر کو لندن سے اسلام آباد کی فلائیٹ ملی ہے۔ بھائی شام چار بجے لاہور پہنچے گا جس کے بعد جنازے کے وقت کا اعلان کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے مایہ ناز کرکٹر عبدالقادر کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عبدالقادر کی وفات سے پاکستان ایک عظیم کرکٹر سے محروم ہو گیا۔ عبدالقادر نے دنیا بھر میں وطن کا نام روشن کیا۔ عبدالقادر کی وفات نے ایک دوست سے محروم کر دیا جس کا دلی صدمہ ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عبدالقادر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ آرمی چیف نے کہا ہے کہ پاکستان ایک عظیم سپورٹس مین اور انسان سے محروم ہو گیا ہے۔ اﷲ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور اہل خانہ کو صبر عطا کرے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عبدالقادر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔ صدر مملکت نے مرحوم کی بلندی درجات کی دعا اور اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کرکٹر عبدالقادر کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ عبدالقادر بہترین کھلاڑی کے ساتھ ساتھ اچھے انسان بھی تھے۔ انکی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیر اطلاعات پنجاب میاں اسلم اقبال نے قومی کرکٹر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں میاں اسلم اقبال نے کہا کہ عبدالقادر کی پاکستان کے لئے خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ اﷲ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے بھی عبد القادر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ سابق کرکٹرز سرفراز نواز، عامر سہیل، سابق صدر ایل سی سی اے خواجہ ندیم، پی ایس ایل لاہور قلندر کے چیف ایگزیکٹو رانا عاطف، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر، سیکرٹری آصف باجوہ، ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عدنان اولکھ نے عبدالقادر کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔