• news

ظفر وال: بجری سے بھرا ڈمپر سکول رکشہ پر الٹ گیا‘ ڈرائیور 7 طلبہ جاں بحق‘ 5 زخمی

ظفروال، نارووال، چک امرو (نمائندہ نوائے وقت، نامہ نگاران) ظفروال میں نارووال کی تاریخ کا دوسرا بڑا حادثہ، شکرگڑھ روڈ پر سکول رکشہ پر بجری سے بھرا ڈمپر الٹنے سے 5 سے17 سال کے 7 بچے اور رکشہ ڈرائیور جا ںبحق، 5 بچے شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل، حالت تشویشناک، ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 4 طلباء 3 طالبات شامل ہیں، ہسپتال میں رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ تفصیلات کے مطابق سکول رکشہ جس میں مختلف سکولوں کے13 بچے سوار تھے صبح سات بج کر 15 منٹ کے قریب ظفروال درمان چوک سے سڑک کی ٹوٹ پھوٹ اور تیز رفتاری کے باعث بجری سے بھرا ڈمپراس پر الٹ گیا جس کے نیچے دب کر رکشہ کے ٹکڑے ہو گئے۔ بجری کے بھرے ڈمپر نیچے دب کر 3 طالبات 4طلباء سمیت 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایمن فاطمہ14 سالہ نشائ،17سالہ کنزہ، 9 سالہ یاسین، 6 سالہ احمد مدثر، مبین، 6 سالہ فرحان، 5 سالہ احمد شوکت، رکشہ ڈرائیور محدث جاوید شامل ہیں۔ زخمیوں میں 14 سالہ سویرہ، 13 سالہ علیزہ، 13 سالہ آکاش، 14سالہ جویریہ،7 سالہ عبدالحنان شامل ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ زخمیوں کو آر ایچ سی ظفروال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ حادثہ کے بعد جب لاشیں گھر پہنچیں تو رقت آمیز منظر سے ہر آنکھ اشک بار ہوگئی، لوگ دھاڑیں مار کر روتے رہے۔ غم سے نڈھال بچوں کے والدین پر غشی کے دورے پڑتے رہے۔ دریں اثناء ظفروال سانحہ میں جاں بحق ہونے والا 24سالہ رکشہ ڈرائیور محدث سات بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا اور اس کی22روز قبل شادی ہوئی تھی۔ محدث 10افراد کی کفالت رکشہ چلا کرکر تا تھا۔ والدہ نے کہا کہ میرا اکلوتا بیٹا 14گھنٹے رکشہ چلا کر اپنے گھر کا خرچہ چلاتا تھا۔ ڈمپر کے ڈرائیور کی غفلت اور سڑک کی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے ان کی دنیا اجڑگئی۔ ظفروال سے نامہ نگار کے مطابق حادثہ سڑک کی خستہ حالی اور ڈمپر کا ٹائر پھٹنے سے پیش آیا۔ ہیوی مشنری کی مدد سے ایک گھنٹے کی کوشش کے بعد بجری سے بھرے ٹرک کو اٹھایا گیا تو 7بچے اور ڈرائیور جاں بحق ہو چکے تھے۔ جاںبحق ہونے والے بچوں میں نشائ، احمد، یسین، محدث جاوید ڈرائیور، فرحان، کنزہ کا تعلق موضع مراڑہ سے ہے۔ نشاء مبارک سکنہ ہربنس پور، حمدان شوکت سکنہ امرال سے ہے ۔ علاوہ ازیں اس المناک حادثہ کے باعث ظفروال میں 6ستمبر کے حوالے سے تمام پرو گرام منسوخ کردیئے گئے جن میں دفاع پاکستان ریلیاں بھی شامل تھیں۔ واضح رہے کہ چند برس قبل گیس سلنڈر کی لیکیج کے باعث آتشزدگی کے واقعہ میں نارووال میں 18 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن