سکھ زائرین کیلئے ویزا میںمزید آسانیاں پیدا کرنے کا فیصلہ ،مذہبی سیاحت کی کیٹیگری شامل کی جائیگی
اسلام آباد ( نوائے وقت نیوز) حکومت پاکستان نے سکھ زائرین کیلئے ویزہ میں مزید آسانیاں پیدا کرنے کا فیصلہ کرلیا، کرتار پور راہداری کے ذریعے پاکستانی ویزہ کا حصول آسان بنایا جائے گا۔ دستاویز کے مطابق ویزہ میںآسانی کو سکھ کمیونٹی کیلئے خیر سگالی کا قدم قرار دیا گیا ہے۔ یاتریوں کیلئے آن لائن ویزہ سسٹم میں مذہبی سیاحت کی کیٹیگری شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، مذہبی سیاحتی ویزہ کیٹیگری میں 2 قسم کے سکھ زائرین کو سہولت دی جائے گی، سکھ زائرین کو ویزہ زیادہ سے زیادہ 10 دن کے اندر جاری کیا جائے گا۔آن لائن ویزہ سہولت کیلئے نادرا اور وزارت خارجہ طریق کار طے کریں گے۔ وزارت خارجہ بیرون ملک پاکستانی مشنز کو نئی پالیسی اور طریقہ کار سے آگاہ کرے گی، نادرا اور وزارت خارجہ ویزہ سسٹم کے نفاذ کیلئے پیشرفت سے وزارت داخلہ کو آگاہ کرے گے، آن لائن ویزہ سسٹم اجراء کیلئے کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔