طالبان سے معاہدے پر تحفظات، افغان صدر نے دورہ امریکہ ملتوی کردیا
کابل (انٹرنیشنل ڈیسک) افغان صدر اشرف غنی نے پہلے سے طے شدہ دورہ واشنگٹن کو ملتوی کردیا۔ افغان میڈیا کے مطابق صدر اشرف غنی نے ہفتے کو 13 رکنی وفد کے ہمراہ واشنگٹن روانہ ہونا تھا جہاں ان کی پیر کے روز صدر ٹرمپ سے ملاقات طے تھی۔ افغان میڈیا کے مطابق کابل میں ہونے والے کار بم دھماکے کے بعد صدر اشرف غنی نے اپنے بیان میں افغان طالبان سے مذاکرات پر کہا تھا کہ طالبان کے ساتھ امن بے معنی ہے۔ افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان معاہدے کے باوجود کابل میں ایک ہفتے کے دوران دو بڑے دھماکے ہوئے جس میں سکیورٹی اہلکاروں سمیت عام شہری بھی ہلاک ہوئے۔ افغان صدر نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اسے طالبان کا مجرمانہ فعل قرار دیا اور کہا کہ عالمی برداری عسکری گروپ کی جانب سے اس طرح کے حملوں پر خاموش نہ رہے۔ افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے بھی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے وحشیانہ عمل قرار دیا اور کہا کہ طالبان اس طرح کے حملے کرکے امن عمل میں اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں، اس طرح کی کارروائیاں افغان شہریوں میں طالبان کے لیے نفرت کو بڑھاوا دیں گی۔