پرسوں پنجاب بھر میں ڈبل سواری پر پابندی ہوگی، حساس اضلاع میں فوج، رینجرز کے دستے تعینات ہوں گے
لاہور (خصوصی نامہ نگار) عاشورہ محرم 1441ھ کی سکیورٹی کے لئے پاک فوج اور رینجرز کے چاک و چوبند دستے آج سے ضلعی حکام کی صوابدید پر ہوں گے، جبکہ 9ویں اور 10ویں محرم کو پنجاب بھر میں ڈبل سواری پر پابندی عائد ہو گی، بوڑھے، خواتین اور بچے اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے دی گئی اجازت کے پیش نظر سوموار اور منگل کو پنجاب بھر میں نکلنے والے ماتمی، شبیہہ جلوسوں کے متعلقہ روٹس پر موبائل فون سروس معطل رہے گی، پنجاب کے حساس ترین اور حساس اضلاع میں پاک فوج اور رینجرز کے دستے تعینات ہونگے اور آج شام سے فلیگ مارچ شروع کر دیں گے۔ پاک فوج اور رینجرز کے دستے آج 7 محرم الحرام کی شب متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کی ہدایات کی روشنی میں پولیس فورس اور دیگر قانون نافز کرنیوالے اداروں کی معاونت کریں گے۔ 9 اور 10ویں محرم کو حکومت پنجاب کے 3 ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر جلوسوں کے روٹس کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی، وفاق نے فضائی نگرانی کے لیے 4 ہیلی کاپٹرز صوبائی حکومت کو فراہم کردیئے ہیں۔ 2 ہیلی کاپٹرز لاہور، ایک راولپنڈی اور ایک ملتان میں فضائی نگرانی کیلئے استعمال ہوں گے، محکمہ داخلہ پنجاب کا سول سیکرٹریٹ میں بنایا گیا مانیٹرنگ سیل فنکشنل ہے۔ محکمہ داخلہ کے مانیٹرنگ سیل کے ساتھ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کے دفاتر میں قائم کنٹرول روم بھی منسلک کیے گئے ہیں ۔ 9ویں اور 10 محرم الحرام کو صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ رہے گی، ماتمی اور شبیہ ذوالجناح جلوسوں کے روٹس اور ارد گرد کے مقامات پر غیر متعلقہ شخص کی آمد پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر اراکین صوبائی و قومی اسمبلی بھی محکمہ داخلہ سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت کیلئے فرائض ادا کریں گے۔