• news

محرم الحرام‘ حمزہ شہباز کی سالگرہ دعائیہ تقریب میں تبدیل

لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے زیر اہتمام حمزہ شہباز کی سالگرہ محرم الحرام کی وجہ سے نہایت سادگی سے منائی گئی۔ کیک کاٹنے کی تقریب دعائیہ تقریب میں بدل دی گئی۔ تقریب میں کشمیر کی آزادی، ملکی سلامتی‘ پارٹی قائد میاں نواز شریف، پنجاب اسمبلی میں قائد حزاب اختلاف حمزہ شہباز اور مریم نواز سمیت دیگر لیگی رہنماؤں کی جلد رہائی کے لئے دعائیں کی گئیں۔ اس موقع پر عمران گورایہ، عامر خان سیف، توصیف شاہ، سمیع اللہ خان ایم پی اے‘ ارکان اسمبلی چوہدری شہباز، ملک وحید، میاں طارق، راؤ شہاب الدین، اظہر فاروقی، جمال صدیقی، شہباز حیدر، ارشد قریشی، سعدیہ تیمور، مسز ملک، غزالی سلیم بٹ، شائستہ پرویز ملک، علی ملک ،چوہدری عبدالمجید چن نمبردار،سمیرا امجد سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد پرویز ملک اور خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ شہداء قوم کے سروں کا تاج اور فخر ہیں۔ جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوجاتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ پہلے بھی بھارت کا غرور خاک میں ملایا اور اب بھی سبق سکھانے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ بھارت سے لڑنے کیلئے پوری قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ مسلم امہ اور اقوام عالم کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذمت کے بجائے فوری عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ قبل ازیں مسلم لیگ ن لاہور کے صدر پرویز ملک اور جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے یادگار شہداء مناواں پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ لیگی رہنما کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید، عمران گورائیہ، رانا احسن شرافت، حاجی امداد حسین، علی مجید اعوان سمیت کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ای پیپر-دی نیشن