گجرات: 2 پولیس اہلکاروں نے 24 سالہ دوست کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا
گجرات‘ جلالپور جٹاں (نامہ نگاران) محافظ ہی قاتل بن گئے۔ دو پولیس کانسٹیبلوں نے 24سالہ نوجوان کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ تھانہ ٹانڈہ کے گائوں بہلولپور میں پولیس کانسٹیبلوں مووید سرور، علی احمد نے وردی کے نشہ میں معمولی تلخ کلامی پر 24 سالہ نوجوان رحمان علی کو بیدردی سے حویلی میں لیجا کر گولیاں مار دیں جسے زخمی حالت میں ہسپتال لیجایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ تھانہ ٹانڈہ نے پیٹی بھائیوں کیخلاف مقدمہ درج کر کے کانسٹیبل علی احمد کو گرفتار کر لیا جبکہ دوسرا کانسٹیبل فرار ہو گیا۔ پولیس نے نعش پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ پولیس کے مطابق مقدمہ میں نامزد دونوں پولیس اہلکار اور مقتول آپس میں دوست تھے اور اپنے ہی گائوں میں ڈیوٹی سے فراغت کے بعد ڈیرے پر نجی محفل میں معمول کے مطابق بیٹھے ہوئے تھے، جو دوران گپ شپ کسی بات پر ان کا آپس میں جھگڑا ہوگیا جس پر ملزمان نے طیش میں آکر رحمان علی کو فائر مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ دوسری جانب ڈی پی او گجرات سید توصیف حیدر کا کہنا تھاکہ قانون کو ہاتھ میں لینے والے پولیس اہلکار کسی بھی رعایت کے مستحق نہ ہیں، محکمہ کی بدنامی کا باعث بننے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لا کر ان کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔ ایک اطلاع کے مطابق اسلحہ کی صفائی کرتے ہوئے گولی چل گئی۔