صدر علوی شہید محمد الحسنین کے گھر گئے‘ عراقی سفیر کی ملاقات
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے فسطائی ہتھکنڈوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عراق کے اصولی موقف کی تعریف کی اور توقع ظاہر کی کہ عراق آئندہ بھی عالمی فورمز پر کشمیر کے بارے میں اپنا اصولی موقف جاری رکھے گا۔ صدر گذشتہ روز پاکستان میں سبکدوش ہونے والے عراقی سفیر علی یاسین الرحمانی سے بات چیت کر رہے تھے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان عراق کی قومی وحدت اور خود مختاری کا بھرپور حامی ہے۔ پاکستان دہشتگردی کی ہر شکل کے خلاف ہے۔ علاوہ ازیں صدر ڈاکٹر عارف علوی اور ان کی اہلیہ خاتون اول بیگم ثمینہ علوی گذشتہ روز شہید محمد الحسنین نواز کے گھر آئے۔ صدر نے شہید کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور کہا کہ پوری قوم شہداء کو خراج عقیدت اور سلام پیش کرتی ہے، شہداء نے اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام کیا ہے۔ صدر نے کہا کہ قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور وطن کی خاطر جان نچھاور کرنا پاکستانی قوم کا شیوہ ہے۔