شاہدرہ: طالب علم پر تشدد، نجی سکول کے پرنسپل اور ٹیچر کیخلاف مقدمہ درج
لاہور (نمائندہ خصوصی) شاہدرہ کے علاقہ میں 14سالہ طالبعلم کو تشدد کا نشانہ بنانے والے سکول ٹیچر اور پرنسپل کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شاہدرہ کے رہائشی 14سالہ طالب علم احمد رضا کے والد کا کہنا ہے کہ اس کے بیٹے پر نجی سکول میں معمولی غلطی پر تشدد کیا گیا اور حبس بے جا میں رکھا گیا۔ درخواست وصول ہونے پر پولیس نے احمد رضا کے والد کی مدعیت میں ملزمان راحیل اور نثار الحسن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر درج کر کے قانون کے مطابق کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔