بابا فرید گنج شکرؒ کے عرس کی تقریبات عروج پر،بہشتی دروازے سے گزرنے والوں کا رش صوبائی وزیر اوقاف کی بھی مزار پر حاضری
پاکپتن‘ لاہور (نمائندہ نوائے وقت + خصوصی نامہ نگار) معروف صوفی بزرگ مسعود الدین گنج شکرؒ المعروف بابا فریدؒ کے عرس کی تقریبات عروج پر پہنچ گئیں۔ قفل کشائی کی دوسری رات بہشتی دروازے سے ایک لاکھ کے قریب زائرین گزرے۔ دروازہ 5 راتوں کیلئے کھولا گیا ہے۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور سید سعیدالحسن شاہ نے پاکپتن میں معروف صوفی بزرگ حضرت مسعود الدین بابا فرید گنج شکر رحمتہ اللہ علیہ کے دربار کا دورہ کیا۔ اس موقع پہ ڈی سی پاکپتن احمد کمال مان اور ایڈ منیسٹریٹر رانا طارق بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے عرس کی 15روزہ تقریبات میں لنگر‘ سکیورٹی‘ پارکنگ‘ زائرین کے قیام و دیگر انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ زائرین کو بہتر سے بہتر سہولیات دی جا رہی ہیں۔ اس سلسلہ میں محکمہ اوقاف نے عرس انتظامات کے لئے 54 لاکھ روپے کی خطیر رقم جاری کی ہے۔ قبل ازیں صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور سید سعیدالحسن شاہ نے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ ملک وقوم اور افواج پاکستان کے لئے دعا بھی کی۔