• news

نفسیاتی جنگ ہو رہی ہے ناقابل تسخیر جذبے والی قوم کو شکست نہیں دی جا سکتی

لاہور (نیوز رپورٹر) جنگ ستمبر 1965ء کے دوران مسلح افواج اور پوری قوم نے یکجان ہو کر اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو خاک چاٹنے پر مجبورکر دیا۔ ناقابل تسخیر جذبے رکھنے والی اس وقم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا ہے۔ ہمیں اپنی شاندار روایات پر فخرکرنا اور ان کو نئی نسلوں تک پہنچانا چاہئے۔ آج ضرورت اس امرکی ہے کہ تمام سیاسی وگروہی اختلافات بھلا کر پوری قوم ایک ہو جائے۔ مسئلہ کشمیر اس مرحلہ پر پہنچ چکا ہے کہ مقبوضہ کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ ان خیالات کا اظہار جنگ ستمبر 1965ء کے غازیوں نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان‘ لاہور میں ’’یوم دفاع و یکجہتی کشمیر‘‘ کے موقع پر خصوصی تقریب کے دوران کیا۔ اس تقریب کا اہتمام نظریہ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ اس موقع پر کرنل (ر) عبدالرئوف مگسی‘کرنل (ر) محمد شہباز‘ کرنل (ر) سید سلیمان گیلانی‘ کرنل (ر) زیڈ آئی فرخ‘ بیگم مہناز رفیع‘ ملک غلام ربانی‘ قیوم نظامی‘رانا محمد راشد‘ بیگم خالدہ جمیل‘ میاں ابراہیم طاہر‘ اساتذہ کرام اور طلبا و طالبات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض سیکرٹری نظریہ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید نے انجام دیئے۔ کرنل (ر) عبدالرؤف مگسی نے کہا کہ آج عام جنگوں کے بجائے نفسیاتی جنگ ہو رہی ہے۔ دشمن ہماری نفسیات پر حملہ آور ہے‘ وہ ہمارے اندر نفرت کے جذبات بیدار کر رہا ہے۔ ففتھ جنریشن وار روایتی جنگ سے زیادہ خطرناک ہے۔ کرنل (ر) محمد شہباز نے کہا کہ 1965ء میں قوم کے اندر ایک ہی جذبہ تھا کہ وطن پر قربان ہو جائیں۔ قوم اور فوج متحد ہوکر ہی جنگیں لڑتی اور کامیابی حاصل کرتی ہیں۔ کرنل (ر) سید سلیمان گیلانی نے کہا کہ آج کا دن ہماری قومی تاریخ میں بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ جنگ ستمبر 1965ء میں جرات و بہادری کی وہ داستانیں رقم ہوئیں کہ جنہیں سن کر عقل دنگ رہ جاتی ہے۔ کرنل (ر) زیڈ آئی فرخ نے کہا کہ اس قوم کو جب بھی ضرورت پڑی اس قوم نے اپنی مٹی سے وفا کا حق ادا کر دیا ہے۔ پاکستان کی خاطر یہ قوم ہمیشہ متحد ہو جاتی ہے اور اب بھی ہوگی۔ مودی نے کشمیر کے متعلق بڑا غلط قدم اٹھایا ہے۔ شاہد رشید نے کہا پاکستانی فوج کا شمار دنیا کی بہترین پیشہ وارانہ افواج میں ہوتا ہے۔ ہمیں اپنی بہادر افواج پر فخر ہے۔ بھارت آج بھی ہمارا دشمن ہے ۔ قبل ازیں نظریہ پاکستان ٹرسٹ و تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے عہدیداران و کارکنان نے سیکرٹری شاہد رشید کی قیادت میں مناواں میں واقع یادگار شہداء پر حاضری دی۔ یادگار پر پھول چڑھائے اور شہداء کے بلندی درجات کیلئے دعا کی۔

ای پیپر-دی نیشن