کشمیر پر کوتاہی برتی تو دنیا معاف نہیں کریگی‘ شیخ رشید
ملتان‘ بہاولپور (صباح نیوز‘ آئن لائن) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان اس وقت تک امن قائم نہیں ہوسکتا ہے جب تک کہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہو۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کشمیر پر اگر ہم نے کوتاہی برتی تو دنیا کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے ملتان ریلوے سٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم کشمیریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور وطن عزیز کے لئے جانیں دینے والے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ہندوستان گزشتہ 72 سالوں سے کشمیریوں کے ساتھ بربریت کررہا ہے لیکن اب فیصلے کا وقت آگیا ہے۔ کشمیری سوائے آزادی کے کچھ نہیں چاہتے۔ انہوں نے بھارتی اقدامات کے حوالے سے کہا کہ ہندوستان نے کشمیر کے معاملے کو چھیڑ کر بہت بڑی غلطی کی ہے۔ ہندوستان پاکستان کی سرحدوں کی طرف بڑھا تو اسے نیست و نابود کر دیں گے، ہم نے اسلحہ شب برات پر چلانے کے لئے نہیں رکھا، بھارت نے جنگ مسلط کی تو یہ آخری جنگ ثابت ہو گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ مسئلہ کشمیر پر حکومت اور اپوزیشن کو ایک صفحے پر ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے لئے کچھ لوگ پلی بارگین کر رہے ہیں، نواز شریف پلی بارگین کے لئے براہ راست بات کریں، عمران خان کو کہا ہے کہ یہ کنجوس لوگ ہیں ان سے جو ملتا ہے لے لیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک ٹرین کراچی سے کشمیریوں کو لے کر چلائیں گے۔ دریں اثنائملتان سے بذریعہ ٹرین روہڑی جاتے ہوئے بہاول پور ریلوے سٹیشن پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ بہاولپور ریلوے سٹیشن کا افتتاح شایان شان کریں گے‘ اس ریلوے سٹیشن کی تعمیر پر 27کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔ بہاولپور ریلوے سکول کے بچوں کی تعداد اگر تین سو ہے تو سکول بحال کردیں گے۔ وعدہ کرتا ہوں بہاولپور ریلوے سٹیشن کے ارد گرد تمام تجاوزات ختم ہو جائیں گی اور اس ریلوے سٹیشن کا شمار ملک کے خوبصورت ریلوے سٹیشنوں میں ہو گا۔ شیخ رشید نے اعلان کے باوجود بہاولپور ریلوے سٹیشن کا افتتاح نہ کیا۔ شیخ رشید بہاولپور تو آ ئے مگر ٹرین سے نہ اترے ٹرین کے دروازے پر کھڑے کھڑے خطاب کر کے روہڑی روانہ ہو گئے۔ وزیر ریلوے نے اپنے بند سکولوں کو کھولنے کے لیے احتجاج کرنے والے سکول طلباء سے ملاقات بھی نہ کی اور نہ ہی استقبال کے لیے آنے والے کارکنوں سے ملاقات کی جس سے کارکن کافی مایوسی کا شکار ہوئے۔