پاکستان نے بھارتی صدر کو فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا
اسلام آباد‘پشاور (سپیشل رپورٹ‘نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے بھارتی صدر کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ بھارتی صدر آئیس لینڈ جانے کے لیے پاکستان کی فضائی حدود سے گزرکر جانا چاہتے تھے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا کو بتایا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جو یکطرفہ اقدام کیا ہے اور ایک ماہ سے زیادہ عرصہ سے کشمیری مسلمانوں کو کرفیو کی پابندیوں میں جکڑ رکھا ہے۔ پاکستان اور عالمی برادری کے اس مطالبہ کے باوجود کہ وہ کرفیو کی پابندیاں اٹھائے بھارت ٹس سے مس نہیں ہو رہا۔ ان حالات میں پاکستان بھارتی صدر کو اپنی فضائی حدود کے استعمال کی اجازت نہیں دے گا۔ بھارتی صدر رام ناتھ گووند پاکستان کی فضائی حدود سے گزر کر پاکستان کیخلاف پراپیگنڈا کرنے جا رہے تھے۔ انڈین میڈیا کے مطابق بھارتی صدر آئس لینڈ، سوئٹزر لینڈ اور سلوانیا کے 9 روزہ دورے پر جا رہے ہیں۔ بھارتی اخبارات کے مطابق وہ ان ملکوں کو دہشتگردی کے خلاف بھارت کی تشویش سے آگاہ کرنا اور پلوامہ کے واقعہ پر قیادت کو اعتماد میں لینا چاہتے ہیں۔ وہ مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کے اقدام کو جائز ثابت کرنے کیلئے ان ملکوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے سرکاری ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا بھارتی جنونیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان نے فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے منظوری دیدی ہے۔ یاد رہے اس سے قبل بھارت نے مودی کے طیارے کیلئے فضائی حدود کی اجازت مانگی تھی۔ یہ درخواست شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی شرکت کے تناظر میں کی گئی تھی۔ پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دیدی تھی‘ تاہم بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے راستہ تبدیل کر دیا تھا۔ وفاقی وزیر ایوی ایشن غلام سرور خان نے کہا ہے کہ بھارتی صدر کو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنی حرکتوں سے باز نہ آیا تو سخت اقدام ہوگا۔ بھارت آنے جانے والے کسی جہاز کو فضائی حدود سے نہیں گزرنے دیں گے۔ فروری میں پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے ایک بھارتی ائرلائن دیوالیہ ہو چکی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ فضائی حدود بند کرنے سے بھارت کو 28 اور ہمیں 8 ارب روپے کا نقصان پہنچا ہے۔ 5 اگست سے کشمیر پر بھارت نے قبضہ کر لیا اور کرفیو نافذ ہے۔ انسانی حقوق پامال ہو رہے ہیں۔ بی بی سی کے مطابق انہوں نے کہا پاکستانی حدود سے بھارت جانے والی ہر پرواز کر سکتے ہیں۔