اسلاف کی قربانیوں کا تقاضا ہے ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں: ائر چیف
اسلام آباد(آئی این پی+ صباح نیوز ) ملک بھر میں یوم فضائیہ بھرپور قومی جوش و جذبے سے منایا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں یوم فضائیہ بھرپور قومی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ کراچی میں پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نشان حیدر کے مزار پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاک فضائیہ کے چاق چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ ایئر وائس مارشل غلام عباس گھمن تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے راشد منہاس شہید کے مزار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایئر وائس مارشل غلام عباس گھمن نے کہا پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی، پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔ انہوں نے کہا راشد منہاس شہید کی قربانی مشعل راہ ہے، پاک فضائیہ وقت آنے پر قوم کو مایوس نہیں کرے گی، دشمن کو بھرپور جواب دیں گے۔یوم فضائیہ کی مرکزی تقریب ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ہو ئی جس سے ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان خطاب کیا جبکہ نور خان سمیت تمام ائیر بیسز پر بھی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔ یوم فضائیہ کے موقع پر شاہینوں کے کارناموں اور شہدا کی قربانیوں پر روشنی ڈالی گئی ۔ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب میں پرنسپل سٹاف آفیسرز،افسران اور ائیر مین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دن کا آغاز1965 ء اور 1971 ء کی جنگوں کے شہدا اور ان تمام افراد کے لیے خصوصی دعائوں اور قرآن خوانی سے کیا گیا، جنہوں نے پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے لے کر اب تک مادرِ وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف مارشل نے کہا پاک فضائیہ نے حالیہ آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ میں دشمن پر واضح فتح حاصل کر کے ایک مرتبہ پھر دنیا کو دکھلایا کہ اپنی نیلگوں فضاں کی حفاظت کے لیے ہم ہر دم تیار ہیں۔مسئلہ کشمیر کی موجودہ صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے ان کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ہمارے اسلاف کی قربانیاں اور اس ملک کے دفاع کی خاطر شہدا کا خون اس امر کے متقاضی ہیں کہ ہم اپنی صفوں میں اتفاق و اتحاد پیدا کر کے وطن سے محبت اور اپنائیت کا رشتہ استوار کریں اور لسانی، علاقائی اور فرقہ وارانہ سوچ سے بالا تر ہو کر ملک کی اقتصادی، معاشرتی اور تعلیمی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔