پی سی بی کا پاکستان سپر لیگ کی ری سٹرکچرنگ پر کام شروع
لاہور(حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کی ری سٹرکچرنگ پر کام شروع کر دیا ہے۔ پی سی بی اس معاملے میں تین مختلف آپشنز پر کام کر رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کیلئے کرکٹ بورڈ میں ہی ایک الگ ڈیپارٹمنٹ قائم کر دینے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ پی ایس ایل کو سیکشن بیالیس کمپنی میں تبدیل کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے جبکہ پاکستان سپر لیگ کو پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی میں بھی تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ تینوں آپشنز پانچوں فرنچائز لاہور قلندرز، کراچی کنگز، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے مالکان کے سامنے بھی رکھی گئی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اس سلسلہ میں قانونی ماہرین سے بھی بات چیت کر رہا ہے جبکہ فرنچائز مالکان سے بھی بات چیت ہو رہی ہے۔ تینوں آپشنز کے فوائد و نقصانات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلہ میں مختلف قانونی پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ماضی میں بھی پاکستان سپر لیگ کو پرائیویٹ کمپنی بنانے پر کام کیا گیا تھا۔ اس مقصد کیلئے فار اینڈ بلڈنگ میں الگ دفتر قائم کرنے کی تیاریاں بھی کی گئیں لیکن ایسا ممکن نہ ہو سکا۔پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے سارے میچ پاکستان میں شیڈول ہیں یہ پہلا موقع ہے کہ پی ایس ایل کے سارے میچز پاکستان میں ہو رہے ہیں۔