• news

مذاکرات منسوخی افغان مسئلہ کا حل نہیں: اسفند ولی، بداعتمادی ختم کرنا ہوگی: شیرپائو

پشاور (آن لائن، آئی این پی) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفند یار ولی خان نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا افغان مذاکراتی عمل کی منسوخی کا فیصلہ مسئلہ افغانستان کا حل نہیں بلکہ یہ فیصلہ حالات کو مزید خرابی کی طرف لے کر جائے گا۔ افغان امن مذاکرات کے ساتھ افغان عوام نے جو امیدیں باندھی تھیں یقیناً ان کو مایوسی ہوئی ہوگی۔ افغان مذاکراتی عمل کے خاتمے پر ٹوئٹر پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے اسفند یار ولی خان نے کہا کہ مسئلہ افغانستان کا مذاکرات کے بغیر کوئی دوسرا حل نہیں جنگ مسائل کا حل نہیں بلکہ مہذب لوگ مسائل کو مذاکرات اور سیاسی طور طریقوں سے ہی حل کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے افغانستان مین قیام امن کیلئے کی جانے والی کوششوں میں تعطل اور بد اعتمادی کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاورمیں ضلع شانگلہ کے ایک وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ آفتاب شیرپائو نے طالبان اور امریکہ کے درمیان ہونے والی بات چیت میں تعطل پیدا ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس نازک موقع پر فریقین کو تدبر اور ہوشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغانستان کو موجودہ بد امنی سے نکالنے کیلئے آگے بڑھنا چاہیے۔ مذاکرات ہی افغانستان میں قیام امن کا واحد حل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن