دہشت گرد وں مذہبی انتہا پسندوں کیخلاف حتمی فتح تک جنگ رہے گی: زرداری
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) یوم عاشور کے موقع پر سابق صدر زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم عاشور سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ جھوٹ اور ظلم کی مزاحمت ہر وقت اور ہر صورتحال میں کرنی ضروری ہے۔ آج جب ہم امام عالی مقام اور کربلا کے دیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں تو ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ظلم، جھوٹ، ناانصافی کے خلاف مزاحمت کی اس راہ پر چلیں جو ہمیں شہدائے کربلا نے دکھائی ہے۔ آج کے روز ہمیں ان لوگوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں ظلم کا شکار ہو رہے ہیں۔ عاشور کے موقع پر ہمیں اس عزم کا اظہار بھی کرنا چاہیے کہ دہشت گردوں اور مذہبی انتہا پسندوں کے خلاف حتمی فتح تک جنگ جاری رکھیں گے اور مذہب کی آڑ میں ظلم کا بازار گرم کرنے والوں کی مخالفت کریں گے۔ سابق صدر نے ملک میں سیاسی مخالفین کے خلاف ظلم اور ناانصافی کی مذمت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ ظلم اور ناانصافی کبھی بھی فتحیاب نہیں ہوتے اور اب بھی نہیں ہوں گے۔ آصف علی زرداری نے عوام سے کہا کہ وہ ظلم کی قوتوں کے خلاف اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔ اس اتحاد کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے نہیں تھی۔ بلاول بھٹو زرداری نے شہدائے کربلا کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں کی عظیم قربانی ہمیں ظلم و جبر اور جھوٹ کے خلاف مزاحمت کا درس دیتی ہے، اس دوران چاہے جان ہی کیوں نہ گنوانی پڑجائے۔ امام حسین اْن چند عظیم ہستیوں میں سے ہیں، جنہوں نے زندگی اور موت، فتح اور شکست اور عزت و رسوائی کی تعریف نئے سرے سے متعین کی۔ ظلم اور جھوٹ کے خلاف مزاحمت کے لیے امامِ عالی مقام کی زندگی روشنی کا مینار ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جبر و تشدد کی جاری نئی لہر اور فلسطین سمیت دنیا کے دیگر علاقوں میں مظالم کے باعث اس سال یومِ عاشور کی اہمیت و افادیت مزید بڑھ گئی ہے، امام حسین کی پیروی کرکے دنیا بھر کے مظلوم ناانصافی اور ظلم کے خلاف کامیابی سے ہمکنار ہوسکتے ہیں۔ جھوٹ و جبر اْن عسکریت پسندوں اور انتہاپسندوں کے بھی ہتھکنڈے ہیں، جو غلط تصورات کو مذہب سے جوڑتے ہیں، عوام کو اس طرح کے متعصب اور جنونیوں کے عزائم سے خبردار رہنا چاہیے۔