• news

اسلام آباد لاک ڈاؤن، فیصلہ اٹل، حکومت کو گھر بھجوانے کی تیاری کرلی: فضل الرحمن

اسلام آباد/ پشاور/ لاہور (وقائع نگار خصوصی/ آن لائن/ خصوصی نامہ نگار)جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ حکومت کو گھر بھجوانے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ اپوزیشن جماعتیں بھی ہمارے ساتھ ہونگیں ‘یہ نااہل حکمران ہمارے احتجاج کا چند دن بھی مقابلہ نہیں کر سکیں گے ‘ہم گر فتاریوں سے خوفزدہ ہونیوالے نہیں، ہرمحاذ پر حکمرانوں کا مقابلہ کر یں گے ۔ جے یو آئی (ف) کے مر کزی رکن مولانا امجد خان اور دیگر سے گفتگو کے دوران مولانا فضل الر حمن نے کہا کہ الحمداللہ جے یوآئی (ف) کے پاس عوام کی سب سے بڑی طاقت ہے اور موجودہ حکومت کسی بھی صورت ہماری عوامی طاقت کے سامنے ٹھہر نہیں سکیں گے۔ انکو ہر صورت گھر جانا ہی پڑ یگا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ناجائز اور نااہل ہے اس لیے اسے رہنے کا کوئی حق نہیں۔ اپوزیشن کی تمام جماعتوں کیساتھ رابطے میں ہیں۔ انشاء اللہ سب اپوزیشن جماعتیں نااہل حکمرانوں کے خلاف متحد ہیںاور ان کو کسی بھی صورت مزید برداشت نہیں کیا جائیگا۔علاوہ ازیں مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ حکومت نے کشمیر انڈیا کے حوالے کر دیا ہے اور اب کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے لئے آئے روز لوگوں کو ریلیاں نکالنے کے احکامات دے رہی ہے۔ اسلام آباد لاک ڈاؤن کا فیصلہ اٹل ہے اور کسی بھی صورت احتجاج سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں جمعیت علماء اسلام پی کے53مردان کے رہنما اور سابق ممبر محمد اقبال اعوان کے بھائی محمد الیاس اعوان کی رسم نکاح تقریب کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہاکہ دھرنے والوں کو کنٹینر فراہم کرنے والے لوگ اب کدھر چھپ گئے ہیں۔ عمران خان فوری طور پر استعفیٰ دیں بصورت دیگر اسلام آباد لاک ڈاؤن سے انہیں چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ اپنوں کو نوازنے کے لئے حکومت نے 300 ارب روپے کے قرضے معاف کر دئیے۔ دریں اثناء مولانا فضل الرحمان کی ہدایت پر جمعیت علماء اسلام کے وفد نے لاہور میں سکول ٹیچر کے تشدد سے جاں بحق ہونیوالے طالبعلم حافظ حنین کے والد سے تعزیتی ملاقات کی۔ وفد نے مولانا فضل الرحمن اور حافظ حنین کے والد محمد بلال کا ٹیلیفونک رابطہ بھی کرایا، اس دوران حافظ حنین کے والد نے ان سے انصاف کے حصول کے لیے تعاون کی اپیل بھی کی۔ شہید حافظ حنین کے والد نے الزام عائد کیا کہ حکومت اس معاملہ میں بالکل بھی تعاون نہیں کر رہی اور ہمارے کیس کو خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ مولانا فضل الرحمن جلد حافظ حنین کے اہل خانہ سے تعزیت کے لیے ان کے گھر بھی آئینگے۔ وفد میں بلال احمد میر حافظ غضنفرعزیز ، حافظ عبید اللہ، حافظ عبدالرحمان، محمدخان میر اورحافظ زین العابدین شامل تھے۔

ای پیپر-دی نیشن