نیدر لینڈ کے کھلاڑی بیمار پڑ جائیں تو پاکستان جیت سکتا ہے : سابق اولمپیئنز
لاہور(نمائندہ سپورٹس) سابق اولمپیئنزنے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی اولمپک کوالیفائر 2020ء کی تیاریوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔پاکستان کو اولمپکس کا ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے نیدرلینڈز (ہالینڈ) کو شکست دینا ہوگی۔ دو میچ 26 اور 27 اکتوبر کو ایمسٹرڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ اولمپئن سمیع اللہ کا کہنا تھا کہ ہاکی فیڈریشن کی ناقص حکمت عملی کے پیش نظر ہالینڈ سے جیتنا معجزے سے کم نہیں ہوگا، فیڈریشن نے بہت سارے لوگوں کو جمع تو کر لیا ہے لیکن تیاری صفر ہے۔ ہالینڈ اسی صورت میں ہار سکتی ہے کہ اگر اس کے 6 کھلاڑیوں کو ٹائیفائیڈ ہو جائے اور باقی کھلاڑی شدید بخار میں مبتلا ہوں بصورت دیگر اولمپک میں پاکستان ٹیم کا کھیلنا مشکل ہی دکھائی دے رہا ہے۔ اولمپئن قمر ابراہیم کا کہنا ہے کہ ہالینڈ سے مقابلہ کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگا تاہم اب مینجمنٹ کو اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے سر دھڑ کی بازی لگا دینی چاہیے۔ جیت کے جذبے سے مقابلہ کرنا ہوگا ۔