وزیراعظم 27 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، ٹرمپ کے ساتھ 2 ملاقاتیں ہوں گی
اسلام آباد (صباح نیوز، انٹرنیشنل ڈیسک، نمائندہ خصوصی) وزیراعظم عمران خان رواں ماہ عمرہ کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب جائیں گے۔ اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم عمران خان سعودی اعلیٰ شخصیات سے ملاقاتیں اور خطہ کی صورتحال پر بھی بات چیت کریں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کا شیڈول طے ہوگیا، وزیراعظم عمران خان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے دو ملاقاتیں ہوں گی۔ ذرائع کے مطابق ایک ملاقات ظہرانے پر جبکہ دوسری ہائی ٹی پر ہوگی، وزیراعظم 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 21 ستمبر کو نیویارک پہنچیں گے، جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران وزیراعظم اہم ممالک کے سربراہوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنر ل اسمبلی اجلاس کے دوران نیویارک میں مصروفیات کو حتمی شکل دی گئی جبکہ دوطرفہ ملاقاتوں کا حتمی شیڈول بھی طے کرلیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے وزیراعظم کو اپنے غیرملکی دورے کے متعلق بریف کیا۔ ملاقات میں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے متعلق بھی مشاورت کی کئی۔