جسٹس جمال خان مندوخیل بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس مقرر
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس جمال خان مندوخیل کو بلوچستان ہائیکورٹ کا نیا چیف جسٹس تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ وزارت قانون کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ جسٹس جمال خان مندوخیل کی بلوچستان ہائی کورٹ میں بطور چیف جسٹس تعیناتی کا اطلاق 5 اکتوبر سے ہوگا۔ واضح رہے کہ 4 اکتوبر کو بلوچستان ہائی کورٹ کی چیف جسٹس طاہرہ صفدر کی مدت پوری ہوجائے گی۔ چیف جسٹس طاہرہ صفدر پاکستان میں ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہیں جنہوں نے گزشتہ برس حلف اٹھایا تھا۔ یاد رہے کہ جسٹس جمال خان مندوخیل 12 نومبر 1961 کو کوئٹہ میں پیدا ہوئے اور ان کے بیٹے صنعت کار ہیں۔ جسٹس جمال خان مندوخیل نے ابتدائی تعلیم فیڈرل گورنمنٹ ہائی سکول کوئٹہ کنٹونمنٹ سے حاصل کی اور بلوچستان یونیورسٹی کے شعبہ پولیٹیکل سائنس اور شعبہ اقتصادیات سے ماسٹرز کیے۔ انہوں نے قانون کی ڈگری 1987 میں یونیورسٹی لا کالج کوئٹہ سے حاصل کی اور 1988 میں بطور وکیل اپنی پیشہ وارانہ زندگی کا آغاز کیا۔ بعدازاں وہ 31 مئی 1990 کو ہائی کورٹ اور 12 مئی 2001 کو سپریم کورٹ کے وکیل مقرر ہوئے۔ جسٹس جمال خان مندوخیل سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے لائف ٹائم ممبر بھی بنے۔ انہوں نے 4 مرتبہ جون 2011، مارچ 2013، جون 2013 اور دسمبر 2013 میں قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھایا۔ وزارت قانون کے ایک اور نوٹیفکیشن کے مطابق صدر نے جسٹس فدا محمد خان کو وفاقی شریعت کورٹ میں ایک سال کی مدت کے لیے عالم جج مقرر کردیا۔