• news

بانی ایم کیو ایم کی پھر لندن پولیس کے سامنے پیشی‘ ضمانت میں ایک ماہ توسیع

لندن (نیٹ نیوز) برطانیہ میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی مبینہ طور پر نفرت انگیز تقاریر سے متعلق تفتیش میں طلب کیے جانے پر پولیس سٹیشن میں پیش ہوگئے۔ واضح رہے کہ بانی ایم کیو ایم کو برطانیہ سے بیٹھ کر پاکستان میں مبینہ طور پر نفرت انگیز تقاریر سے متعلق تفتیش میں پوچھ گچھ کے لیے دوبارہ طلب کیا گیا۔ اس حوالے سے ایم کیو ایم لندن کے رہنما مصطفیٰ عزیز آبادی نے تصدیق کی کہ الطاف حسین مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے ساؤتھ وارک پولیس سٹیشن گئے۔ دوسری جانب پولیس سٹیشن کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی ایم کیو ایم نے کہا کہ 'مجھے برطانوی قانون پر بھروسہ ہے، میں نے کچھ غلط نہیں کیا اور مجھے کسی چیز کا ڈر یا خوف نہیں'۔ 'یہ تمام من گھڑت کیسز ہیں اور مجھے اس کی عادت ہے'۔ اس سے قبل رواں سال جون میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کو مبینہ طور پر نفرت انگیز تقاریر سے متعلق تفتیش کے سلسلے میں لندن میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ تاہم بعد ازاں تفتیش سے متعلق الزامات عائد کیے بغیر ہی برطانوی حکام نے انہیں ضمانت پر رہا کردیا تھا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان سے نئے شواہد ملنے کے بعد لندن پولیس نے بانی ایم کیو ایم سے نئے سوالات کرنے کیلئے طلب کیا۔ لندن پولیس نے بانی متحدہ کی ضمانت میں دوسری بار ایک ماہ کی توسیع کردی ہے۔ تاہم ان کیخلاف تحقیقات جاری رہیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن