مقبوضہ کشمیر کی صورتحال ، اسد قیصر کی زیر قیادت پارلیمانی وفد آئندہ ماہ امریکہ جائیگا
اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی)مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال پر سپیکر اسد قیصر کی زیر قیادت پارلیمانی وفد آئندہ ماہ امریکہ جائیگا۔وفد دونوں امریکی ایوانوں کا دورہ کرکے ارکان کانگرس کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور بھارتی مظالم سے آگاہ کریگا،اسپیکر قومی اسمبلی اکتوبر میں ترکی میں ہونے والی اسپیکر کانفرنس میں شرکت کریں گے۔جمعرات کو اپنے ٹوئٹر پیغام میں سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال پر پارلیمانی سفارتکاری کو مزید تیز کرنے اور امریکی کانگرس سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگلے ماہ پارلیمانی وفد لے کر امریکہ جاوں گا۔ وفد دونوں امریکی ایوانوں کا دورہ کرکے ارکان کانگرس کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور بھارتی مظالم سے آگاہ کریگا۔ سپیکر اسد قیصر نے مزید کہا کہ بھارت انسانی حقوق کی سرعام خلاف ورزیاں کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں اشیائے خوردونوش اور دواں کی شدید قلت ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا رکھا ہے۔ بھارت نے 6ہفتوں سے کرفیو لگا کر کشمیریوں کو محصور کیا ہے مگر اللہ پاک کے فضل سے حق خودارادیت کو فتح ملے گی۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اگلے ماہ اکتوبر میں ترکی میں ہونے والی اسپیکر کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ دیگر پارلیمانی وفود بھی کشمیر کے مسئلے کو دنیا کے سامنے اجاگر کریں گے۔