سینئر کرکٹرز نے طویل دورانیہ کی کرکٹ سے کنارہ کشی شروع کردی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ میں نیا ویژن لانے والے اعلٰی عہدیداران کو شرمندگی کا سامنا، پی سی بی کے نئے ڈومیسٹک سٹرچکر پر سوالیہ نشان اٹھنے لگے۔ سینئر کھلاڑیوں نے طویل دورانیہ کی کرکٹ سے کنارہ کشی کرنا شروع کر دی۔ جس سے ڈومیسٹک کرکٹ قائد اعظم ٹرافی میں سٹار کھلاڑی ایکشن میں نظر نہیں آ سکیں گے۔ سابق کپتان محمد حفیظ نے پہلے ہی قائد اعظم ٹرافی کے طویل دورانیے کی کرکٹ کھیلنے سے معذرت کر رکھی ہے جس پر انہیں کسی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ لاہور میں سدرن پنجاب اور سنٹرل پنجاب کے کیمپ میں فاسٹ باولر وہاب ریاض نے بھی عدم شرکت کر کے بورڈ کے حکام کو پیغام دیا ہے کہ انہیں بھی طویل دورانیے کی کرکٹ سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ وہاب ریاض کی عدم شرکت کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلٰی حکام کی جانب سے از خود وہاب ریاض کا انٹرویو بنا کر میڈیا میں جاری کر دیا۔ وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ میں نے فرسٹ کلاس کرکٹ سے غیر معینہ مدت تک کے لیے آرام کرنے کا فیصلہ کیا ہے، فیصلہ اپنی گذشتہ کارکردگی کو سامنے رکھ کر کیا ہے۔ محدود اوورز کی کرکٹ کھیلتا رہوں گا، محدود اوورز کی کرکٹ سے مجھے اپنی فٹنس جانچنے کا موقع ملے گا۔ جب خود کو طویل دورانیہ کی کرکٹ کھیلنے کا اہل سمجھوں گا، اپنی دستیابی ظاہر کر دوں گا۔ پی سی بی کی خواہش تھی کہ میں طویل دورانیئے کی کرکٹ جاری رکھوں، پی سی بی کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے، میری بات سمجھنے پر پی سی بی کا مشکور ہوں۔