• news

ایران میں ٹیسٹ سیریز ‘پنجاب کبڈی ٹیم آج ایران روانہ ہوگی

لاہور(سپورٹس رپورٹر) سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے پنجاب کی کبڈی ٹیم آج ایران روانہ ہورہی ہے جہاں وہ تین کبڈی ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی اور پاک ایران کبڈی ٹریننگ کیمپ میں حصہ لے گی، ان خیالات کا اظہارپاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا محمد سرور اور ڈائریکٹر سپورٹس شاہد نظامی نے پریس کانفرنس میں کیا۔ رانا محمد سرور نے کہا کہ پنجاب کی کبڈی ٹیم کے دورہ ایران سے کھلاڑیوں کے کھیل میں بہتری آئیگی اور پاک ایران تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ حال ہی میں سپورٹس بورڈ پنجاب نے انٹرنیشنل کبڈی ٹاکرا بھی کرایا تھا جس میں بھارت اورایران کی ٹیموں نے بھی شرکت کی تھی۔ کوشش ہوگی کہ اگلا کبڈی ورلڈ کپ لاہور میں کرایا جائے جس کے لئے تیاری کررہے ہیں، اگلے سال کبڈی لیگ بھی منعقد کرائیں گے۔ڈائریکٹر سپورٹس شاہد نظامی کاکہنا تھا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے کبڈی کو ہمیشہ فروغ دیا ہے کیونکہ کبڈی پنجاب کا روایتی کھیل ہے اور پنجاب کی پہچان ہے، کبڈی کے فروغ کیلئے کبڈی کے مقابلے منعقد کرتے رہتے ہیں، پنجاب کی کبڈی ٹیم کا دورہ ایران کامیاب رہے گا اور ہمارے کھلاڑی وہاں سے بہت کچھ سیکھ کر آئیں گے۔ پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری طاہر وحید بٹ نے کہا ہے کہ پنجاب کی کبڈی ٹیم کے 10روزہ دورہ ایران سے ہمارے کھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا، ہمارے کھلاڑی ایران کی قومی کبڈی ٹیم کے ساتھ کبڈی کے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلیں گے اور پاک ایران مشترکہ کبڈی ٹریننگ کیمپ میں بھی حصہ لیں گے ۔

ای پیپر-دی نیشن