عدالتی فیصلے سے زیادہ فیسیں بڑھانے والے نجی سکولوں کے خلاف کارروائی ہو گی:وفاقی وزیر تعلیم
اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے سے زیادہ فیسیں بڑھانے والے پرائیویٹ سکولوں کے خلاف تادیبی کاروائی ہو گی،سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق کوئی بھی سکول 5 فیصد سے زیادہ فیس نہیں بڑھا سکتا، شکایات موصول ہوئی ہیں کہ فیس بڑھانے کے علاوہ کسی اور طریقے سے بھی والدین پر مزید بوجھ ڈالا جاتا ہے ،اگر کسی اور دروازے سے فنڈ اکٹھے کرنے کی کوشش کی گئی تو یہ بھی قابل قبول نہیں ہے۔جمعہ کو پارلیمنٹ ہا وس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ ابھی جب نیا سکول کا سال شروع ہوا ہے تو شکایات آرہی ہیں کہ پرائیویٹ سکولوں نے فیسوں میں بے پناہ اضافہ کیا ہے ،سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق کوئی بھی سکول 5 فیصد سے زیادہ فیس نہیں بڑھا سکتا ،شفقت محمود نے کہا کہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں والدین احتجاج کر رہے ہیں کہ فیسیں بڑھانے کا تناسب عدالت کے حکم سے زیادہ ہے، میں پرائیویٹ سکولوں کو تنبیہ کرتا ہوں کہ کسی نے زیادہ فیسیں بڑھائیں تو حکومت ان کے خلاف ایکشن لے سکتی ہے ، صوبائی حکومتوں سے بھی کہا ہے کہ اگر کسی سکول نے زیادہ فیسیں بڑھائی تو وہ اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے ایکشن لیں۔