• news

جن لوگوں کو سر کا تاج بنانا چاہئے انہیں جیلوں میں رکھا ہوا ہے: شہباز شریف

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) شہباز شریف سابق وزیر اعظم اور پارٹی کے گرفتار رہنما شاہد خاقان عباسی کے گھر گئے اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔ شہبازشریف نے کہا کہ پارٹی قیادت، کارکنان اور عوام شاہد خاقان عباسی کے جذبے اور قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ بہادری، سچائی، ایمانداری اور اہلیت کا دوسرا نام شاہد خاقان عباسی ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے اصولوں پر سمجھوتہ کرنے اور جھکنے کے بجائے ہمیشہ جیل جانے کو ترجیح دی۔ وہ پاکستان کی سیاسی تاریخ کے ان رہنماؤں میں سے ایک ہیں جنہوں نے نظریئے، پارٹی وفاداری اور پرخلوص عوامی خدمت کی قابل فخر مثال قائم کی۔ بطور وزیراعظم ریکارڈ مدت میں ریکارڈ کا م کیا۔ ایل این جی ٹرمینل کی ریکارڈ مدت میں تکمیل ان کا کارنامہ ہے جس سے ملک میں گیس کی قلت کا خاتمہ ہوا۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ افسوس جن لوگوں کو ہمیں سر کا تاج بنانا چاہیے، انہیں ہم نے بے بنیاد مقدمات میں جیلوں میں رکھا ہوا ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے ملاقات کی جس میں گرفتار ارکان اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ملاقات اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں ہوئی جس کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال اور قومی اسمبلی اجلاس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن