وزیراعلیٰ کے ترجمان شہباز گل سے استعفیٰ لے لیا گیا‘ مشیر عون چودھری فارغ‘ اسد کھوکھر وزیر بن گئے
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل سے استعفی لے لیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ استعفے کی وجہ وزیراعلیٰ کے ساتھ بعض معاملات پر اختلاف تھا۔ کچھ حلقوں کا کہنا تھا کہ شہباز گل پنجاب میں ناقص طرز حکمرانی پر تنقید بھی کررہے تھے جبکہ حکومتی سطح پر یہی کہا جا رہا ہے کہ وہ پنجاب حکومت کی صیح معنوں میں ترجمانی نہیں کر پارہے تھے، حکومت کے مثبت کاموں کو بھی اس طریقے سے اجاگر نہیں کررہے تھے جس کا ٹاسک انہیں دیا گیا تھا۔ مطلوبہ اہداف پورے نہ ہونے پر ان سے استعفیٰ لیا گیا ہے۔ مشیر وزیراعلیٰ عون چوہدری کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ عون چوہدری کی جگہ آصف محمود کو وزیراعلیٰ کا ایڈوائزر تعینات کر دیا گیا۔ آصف محمود گزشتہ دور حکومت میں پی ٹی آئی کے ایم پی اے تھے اور راجہ بشارت کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے انہیں ٹکٹ نہیں دیا گیا تھا۔ انہیں مشیر بناکر تحریک انصاف پنڈی کی ناراضی دور کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کابینہ میں شامل ہونے والے نئے وزیر ملک اسد کھوکھر سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ قبل ازیں سردارعثمان بزدار نے سعودی عرب روانگی سے قبل وزراء کی کارکردگی کی رپورٹ طلب کرلی ہے جس کا واپسی پر جائزہ لیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ تبدیلی کا مشن پورا نہ کرنے والے وزیروں کے بارے میں نو ٹالرنس پالیسی اپنائیں گے اور وزرا کی کارکردگی کی سخت جانچ پرکھ کر کے کابینہ میں ردوبدل کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق بعض وزراء بارہا مواقع ملنے کے باوجود تسلی بخش کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے اور اپنے محکموں میں عوامی توقعات کے مطابق تبدیلیاں لانے میں ناکام رہے، نااہلی کامظاہرہ کرنے والے وزیروں کی کارکردگی حکومت پنجاب کی ساکھ کو متاثر کررہی ہے۔عوام کی فلاح وبہبود کے تقاضے پورے نہ کرنے والے وزراء اپنے منصب پر برقرار نہیں رہ سکیں گے اور وزیراعظم عمران خان کے تصور کے مطابق کام نہ کرنے والے وزراء کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔