• news

صنعتیں لگانے کیلئے فائل کسی جگہ نہیں رکے گی‘ انڈسٹریل پالیسی سے 15 لاکھ افراد کو روزگار ملے گا: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبے میں صنعتکاری اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ صنعتی سیکٹر کے فروغ کیلئے سپیشل اکنامک زونز بنائے جا رہے ہیں۔ ان زونز میں صنعتکاروں کو انڈسٹری لگانے پر خصوصی مراعات دی جائیں گی اور نئے صنعتی زونز کے علاوہ پرانی انڈسٹریل اسٹیٹس کو بھی ڈویلپ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت الاس میں صنعتی عمل کو تیز کرنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئی صنعتیں لگانے کے لئے فائل کسی جگہ رکے گی نہیں۔صوبے میں صنعتوں کی زوننگ کیلئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور اس ضمن میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو صنعتوں کی زوننگ کے حوالے سے جامع سفارشات پیش کرے گی۔ صنعتکاری کا عمل تیز ہونے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور سرمایہ کاری بڑھے گی۔ تحریک انصاف کی حکومت کاروبارمیں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے ۔ نئی انڈسٹریل پالیسی پنجاب میں صنعتوں کے فروغ کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی اور چند سال میں صوبے بھر میں 15لاکھ سے زائد ہنر مند افراد کیلئے روزگار کے مواقع میسر ہوںگے۔ عثمان بزدار عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب پہنچ گئے۔ گزشتہ سہ پہر بغیر پروٹوکول علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے۔ وزیراعلیٰ نے لاہور ائیرپورٹ پر مسافروں سے مصافحہ بھی کیا اور بعدازاں عمان ایئرلائن کے ذریعے لاہور سے روانہ ہوگئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار مدینہ منورہ میں دو روز قیام کریںگے اور اس دوران روضہ رسول ؐ پر حاضری کا شرف حاصل کریںگے اور نوافل بھی ادا کریںگے۔ وزیراعلیٰ روضہ رسولؐ پر سلام پیش کرنے کے بعد ملک کی ترقی و خوشحالی اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کیلئے بھی خصوصی دعا کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن