نہیں معلوم سری لنکا ٹیم کے پاکستان نہ آنے کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے: سرفراز احمد
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سکیورٹی کا کوئی ایشو نہیں اور سری لنکا ٹیم کو کہوں گا وہ یہاں آکر کھیلے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ کرکٹ ٹیم کے کپتان کرکٹر سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم روزانہ پریکٹس کررہی ہے، ڈومیسٹک سٹرکچر تبدیل ہوا ہے اس سسٹم کو وقت دینا ہوگا، اس سے مستقبل میں فائدہ ہوگا جبکہ جن کھلاڑیوں نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے ان کا ذاتی فیصلہ ہے اور اس بارے میں وہی بتاسکتے ہیں، ٹیسٹ کرکٹ مسلسل 5 دن ہوتی ہے یہ آسان نہیں ہوتی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشل کرکٹ کی واپسی کیلئے بہت کوششیں کی ہیں، آئی سی سی اور دیگر ممالک کے بورڈز کو پاکستان کو سپورٹ کرنا چاہیے، ہم نے دوسرے ممالک کو سپورٹ کیا دوسرے ممالک بھی پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کیلئے کردار ادا کریں۔ نہیں معلوم سری لنکا ٹیم کے پاکستان نہ آنے کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے مگر سری لنکا میں دہشتگردی کا بڑا واقعہ ہوا اس کے باوجود ہماری انڈر 19 ٹیم وہاں گئی اور اچھے کی امید ہیرکھنی چاہے امید ہے سری لنکا ٹیم کیساتھ شیڈول کے مطابق ہو۔ کبھی کبھار بال خراب ہو جاتا ہے کوکا بورا کا استعمال اچھا ہے۔ نئے ڈومیسٹک سٹرکچر کھلاڑیوں کو بہتر کارکردگی دکھانے کی ترغیب ملے گی۔پاکستان کی کرکٹ کو بہتر کرنا ہر کسی کا ہدف ہے۔ کھلاڑیوں کو صوبائی ٹٰیم میں اپنی جگہ بنانے کیلئے سخت محنت کرتے ہوئے اپنا 100 فیصد دینا ہوگا۔ ملک میں عالمی کرکٹ کی بحالی کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ بورڈ نے بہترین کوششیں کیں۔ آئی سی سی اور دنیا کے دیگر کرکٹ بورڈز کو چاہیے کہ وہ پاکستان کی حمایت کریں۔ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے، ہماری درخواست ہے کہ ٹیمیں یہاں آئیں، انہیں فول پروف سکیورٹی دی جائیگی کیونکہ ماضی میں بھی جو ٹیمیں آئی ہیں انہیں ہماری سکیورٹی فورسز، انتظامیہ نے مکمل سکیورٹی دی ہے۔مصباح الحق اور وقاریونس کو پہلے بھی سپورٹ کیا تھا اور آگے بھی کریں گے۔